رونکی اور ایلیئٹ کا عالمی ریکارڈ،نیوزی لینڈ فاتح

ڈیونیڈن۔23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )ایلیئٹ اور رونکی کی چھٹی وکٹ کے لئے عالمی ریکارڈ 267 رنز کی بدولت نیوزی لینڈ نے یہاں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں ونڈے میں سری لنکا کو 108 رنز سے شکست دے دی ہے۔ نیوزی لینڈ نے گرانٹ ایلیئٹ اور وکٹ کیپر لیوک رونکی کی شاندار سنچریوں کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 360 رنز بنائے اور جوابی اننگز میں سری لنکائی ٹیم 44ویں اوور میں 252 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ یونیورسٹی اوول میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کا آغاز بھی بہتر نہ تھا اور اسے مقابلہ کی پہلی ہی گیند پر مارٹن گپٹل کی شکل میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔اس کے بعد بھی وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور 18ویں اوور میں 93 کے مجموعی اسکور پر نیوزی لینڈ کی نصف ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ میزبان ٹیم بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے گی تاہم ایلیئٹ اور رونکی نے چھٹی وکٹ کے لئے 267 رنز کی ریکارڈ اور ناقابلِ شکست شراکت قائم کر کے صورت حال تبدیل کر دی۔اس شراکت کے دوران ایلیئٹ نے 96 گیندوں پر 7 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 104 رنز بنائے جبکہ رونکی نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 170 رنز بنانے کے

لئے صرف 99 گیندوں کیا۔361 رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی جانب سے اوپنرز تھریمانے اور تلکارتنے دلشان کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا۔دلشان نے 116 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ تھریمانے نے 45 رنز بنائیاوران دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 93 رنز کی شراکت قائم کی لیکن بعد میں آنے والے بیٹسمین اس بہتر آغاز سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔دلشان نے 116 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلوا سکے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ ساؤتھی، میلنگن اور ایلیئٹ نے فی کس دو وکٹیں لیں۔
دریں اثناء گرانٹ ایلیئٹ اور لیوک رونکی کو مشترکہ طور پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس کامیابی کے نتیجہ میں میزبان ٹیم کو 7 مقابلوں کی سیریز میں 3-1 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہوگئی ہے۔سات میچوں کی اس سیریز کا پہلا اور چوتھا میچ نیوزی لینڈ جبکہ دوسرا سری لنکا نے جیتا ہے جبکہ تیسرا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔