رونالڈو 88ملین پونڈ میں برائے فروخت

میڈرڈ۔6 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ نے عالمی شہرت یافتہ پرتگالی اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کو فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ رونالڈو بھی کلب چھوڑنا چاہتے ہیں۔پرتگالی فٹبال ٹیم کے33سالہ کپتان رونالڈو کی موجودگی میں رئیل میڈرڈ مسلسل3چیمپیئنز لیگ جیت چکا ہے لیکن اب دنیا کے اس معروف فٹبالر کی کارکردگی ویسی نہیں رہی جیسی کلب کو ضرورت ہے۔فیفا ورلڈ کپ میں ماسوائے ایک گروپ میچ کے ان کی کارکردگی بہتر نہیں رہی اور پرتگال کی ٹیم ناک آوٹ مرحلے میں ہی فیفا ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی۔اطالوی کلب جوونٹس رونالڈو کو خریدنے کا خواہاں ہے لیکن رئیل میڈرڈ کی جانب سے لگائی جانے والی 88 ملین پونڈ قیمت کی ادائیگی بھی ایک بڑا سوال ہے۔رونالڈو جب تک کامیاب تھے اور ورلڈ کپ سے قبل ان کی مقبولیت عروج پر تھی تو ان کی تجارتی قیمت اور اہمیت بھی زیادہ تھی۔ ورلڈکپ میں ناکامی اور بڑھتی ہوئی عمر ان کیلئے بڑے معاہدے کی راہ میں رکاوٹ ہے۔جوونٹس نے رونالڈو کے حصول کی کوششوں کے بارے میں کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی۔فٹبال حلقوں کے مطابق کسی بھی ٹرانسفر میں ریئل میڈرڈ کے اطمینان کے علاوہ رونالڈو کی جانب سے جوونٹس یا کسی اور کلب سے طلب کی جانے والی تنخواہ کا معاملہ بھی اہم ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ رونالڈونئے کلب سے 4سالہ معاہدہ کرنا چاہیں گے جس کی مالیت 26.5 ملین پونڈ فی سیزن ہونی چاہئے۔اب یہ واضح نہیں کہ جوونٹس 88ملین پونڈ ٹرانسفر فیس کے ساتھ رونالڈوکو 4سال کیلئے106ملین پونڈ تنخواہ دینے پر راضی ہوگا یا نہیں؟