ڈورٹمنڈ ۔ 27 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے کیرئیر کے 150 ویں یوروپی مقابلے میں دو گول اسکور کئے جس کی بدولت چمپیئنس لیگ کے گروپ مقابلے میں رئیل میڈرڈ نے بروشیا ڈوٹمنڈ کو 3-1 سے شکست دی ۔ رونالڈو نے حریف ٹیم کی جانب سے پہلا گول کئے جانے کے چند لمحے بعد ہی گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو نہ صرف خسارے سے باہر نکالا بلکہ کامیابی میں بھی دوسرا گول اسکور کیا ۔ علاوہ ازیں رونالڈو نے میڈرڈ کیلئے اپنا 400 واں مقابلہ بھی کھیلا جبکہ کیرئیر میں انھوں نے 411 گولس کے ہندسے کو بھی عبور کرلیا ہے ۔
اکمل پر تین مقابلوں کی پابندی کا مطالبہ
کراچی ۔ 27 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کی تحقیقی کمیٹی نے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل پر تین مقابلوں کی پابندی اور جرمانے کا مطالبہ کیاہے جوکہ کھلاڑیوں کیلئے بنائے جانے والے ضابطۂ اخلاق کی تین شقوں کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ۔ کمیٹی نے عمر اور دیگر کھلاڑیوں کے انٹرویو کے بعد یہ مطالبہ کیا ہے ۔
اگاسی کو کوچ برقرار رکھنے
جوکووچ کا اعلان
زیورخ ۔27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سابق عالمی نمبر ایک سربیائی ٹینس اسٹار نوواک جو کو وچ نے سابق امریکی عالمی نمبر ایک آندرے اگاسی کو 2018 کے لئے اپنا کوچ برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ زخموں کا شکار ہوکر اس سال مقابلوں سے باہر ہونے والے جوکووچ اگلے سال جنوری میں آسٹریلین اوپن سے اپنی واپسی کریں گے۔واضح رہے رواں سیزن زخموں کی وجہ سے جوکووچ نے اختتامی چار مہینے قبل ہی مکمل سیزن سے دستبردار ہونے کا اعلان کیاہے نیز ومبلڈن میں اگاسی نے پہلی مرتبہ جوکووچ کے کوچ کی ذمہ داری قبول کی تھی جو کہ صرف اُسی گرانڈ سلام کیلئے تھی ۔