سلواڈر (برازیل)، 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) تھامس مولر نے جرمنی کی پرتگال کے خلاف 4-0 کی زبردست فتح میں رواں ٹورنمنٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک اسکور کی جو جارحانہ فٹبال کا مثالی مظاہرہ ثابت ہوا ، جبکہ اب تک آزادانہ اسکورنگ والے ورلڈ کپ کا پانچویں روز پہلا ڈرا میچ بھی دیکھا گیا۔ تین مرتبہ کے چمپینس جرمنی نے اپنا ریکارڈ 100 واں ورلڈ کپ میچ جو کسی بھی ملک کیلئے سب سے زیادہ ہے، بڑی عمدگی سے کھیلتے ہوئے کرسٹیانو رونالڈو زیرقیادت پرتگال کو آسانی سے زیر کردیا۔ ویسے رونالڈو کو لگ بھگ ایک گھنٹہ 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا کیونکہ ڈیفنڈر پیپے کو 37 ویں منٹ میں مولر کو سر سے مارنے کی کوشش پر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔
مولر نے شاندار جارحانہ نوعیت کے فٹبال کی قیادت کرتے ہوئے 12 ویں، 45+1 ویں اور 78 ویں منٹ میں گول بنائے جبکہ ڈیفنڈر میاٹس ہوملس نے دیگر گول 32 ویں منٹ میں اسکور کیا۔ تاہم یہاں ارینا فونٹ نووا میں منعقدہ یہ گروپ G میچ ان توقعات کے مطابق نہیں رہا جیسا ماقبل مقابلہ سمجھا جارہا تھا کہ بہت ہی معیاری مسابقت ہوگی۔ جرمنی نے عملاً اپنے حریفوں کو من مانی انداز سے کھیلا اور پھر پیپے کے اخراج نے پرتگال کیلئے بدتر صورتحال بنا دی۔ بالن ڈی آر ونر رونالڈو جو ٹورنمنٹ کی تیاری کے دنوں میں بائیں گھٹنے کی انجری سے پریشانی کے بعد آخرکار پرتگال کی قطعی لائن اپ میں شامل ہوگئے، اُن کا اس میچ پر بہت کم اثر پڑا۔ انھوں نے ابتدائی وقت میں ایک اچھا شاٹ مارا جسے جرمن گول کیپر مانیول میوئر نے کسی طرح روک لیا۔ رونالڈو کا دیگر نمایاں مظاہرہ میچ کے اواخر میں ایک عمدہ فری کک رہی لیکن میوئر اس بار بھی حائل ہوگئے۔ جرمنی اب امریکہ کے ساتھ اس نام نہاد خطرناک گروپ میں سرفہرست ہے
جبکہ امریکیوں نے گھانا کو نٹال میں 2-1 سے ہرایا۔ امریکہ نے اس طرح 2010ء ورلڈ کپ منعقدہ جنوبی افریقہ میں 16 کے راؤنڈ میں گھانا کے خلاف اپنی شکست کا بدلہ لیا ہے۔ دیگر مقابلوں میں کیوریتیبا میں دوشنبہ کو نائیجیریا اور ایران نے اس ورلڈ کپ کا پہلا ڈرا کھیلا جبکہ وہ گروپ F کے اپنے افتتاحی مقابلے میں 0-0 کے تعطل کو توڑ نہیں پائے۔ جنوبی برازیلی شہر کیوریتیبا کے ارینا ڈا بائکساڈا میں یہ ڈرا میچ 12 نہایت ہائی اسکورنگ اور جارحانہ مقابلوں کے بعد دیکھنے میں آیا ہے۔ جرمن ٹیم اس ٹورنمنٹ کے اپنے پہلے میچ میں پرتگال سے بہت آگے نظر آئی جہاں جرمنی نے تیز اور جارحانہ فٹبال کا مظاہرہ پیش کیا جبکہ چانسلر انگیلا میرکل اس میچ کا مشاہدہ کررہی تھیں۔ کوچ یواشیم لیوو نے تین جارحانہ مڈفیلڈرز متعین کئے جبکہ کوئی روایتی اسٹرائیکر نہیں رہا اور کیپٹن فلپ لام کو دفاعی مڈفیلڈر کے طور پر استعمال کیا
حالانکہ وہ عام طور پر اپنی پسندیدہ رائیٹ بیک پوزیشن میں کھیلتے ہیں، جہاں اس میچ میں جیروم بوتینگ کو رونالڈو کو روکنے کی ذمے داری سونپ دی گئی۔ یہ منصوبہ کارگر ہوا جیسا کہ جرمنی اپنے حریفوں پر حاوی ہوتا گیا اور رونالڈو کو میچ کے زیادہ تر حصے میں کم و بیش خاموش رکھا گیا۔ جرمنی کیلئے اپنا 50 واں میچ کھیلتے ہوئے 24 سالہ مولر نے اس وقت کھاتہ کھولا جب ماریو گوتزے کو باکس ایریا میں یواؤ پریرا نے گرایا، جس کے نتیجے میں پنالٹی کک عطا ہوئی اور مولر نے روئی پیٹریشیو کے گول کے رائیٹ کارنر میں گیند ڈال دی۔ بعدازاں ہومیلس نے پیپے سے زیادہ اچھل کر ایک کارنر سے عمدہ ہیڈر کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے جرمنی کی سبقت کو دوگنا کردیا۔ پیپے کو 37 ویں منٹ میں دندناتے ہوئے آگے بڑھنے اور بظاہر مولر کو سر سے ضرب لگانے پر میدان سے نکال دیا گیا، جو چہرہ پر اپنے حریف کی ضرب پڑنے پر ڈرامائی انداز میں گر پڑے تھے۔ مولر نے وقفے سے عین قبل دوبارہ گول بنایا، جب انھوں نے برونو الویس سے ملنے والی گیند کو کم بلندی والے شاٹ سے گول میں پہنچا دیا۔ قبل ازیں ایران اور نائیجیریا نے اس ورلڈ کپ کا پہلا ڈرا کھیلا جو بے کیف مقابلہ ثابت ہوا جس میں کسی بھی ٹیم کی طرف سے کوئی بڑے شاٹس دیکھنے میں نہیں آئے۔