رونالڈو کو بہترین یورپین فٹبالر کا ایوارڈ

موناکو ، 26 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) یورپین فٹبال کی چمپئن ٹیم پرتگال کے شہرہ آفاق کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے دوسری مرتبہ یوئیفا پلیئر آف دی ائیر کا ایوارڈ جیت لیا۔ موناکو میں یورپ کے بہترین فٹبالر کے انتخاب کی تقریب منعقد ہوئی جہاں اسپین کے مشہور فٹبال کلب رئیل میڈرڈ کیلئے کھیلنے والے رونالڈو کو یوئیفا کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ یوئیفا پلیئر آف دی ائیر کیلئے رونالڈو کا مقابلہ گیرتھ بیل اور فرانس کے اونٹوئن گیریزمین سے تھا۔ تاہم 31 سالہ رونالڈو کو سیزن میں بہترین کارکردگی کے باعث اس ایوارڈ کا حق دار قرار دیا گیا۔ رونالڈو کی قیادت میں پرتگال نے یورو2016ء کے فائنل میں اضافی وقت میں متبادل کھلاڑی ایڈر کے گول کی بدولت فرانس کو 0-1 سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی دفعہ چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پرتگالی ٹیم کو میچ کے 17 ویں منٹ میں کپتان رونالڈو کے زخمی ہوکر باہر ہونے پر بڑا جھٹکہ لگا لیکن ٹیم مجموعی کھیل کے ذریعے چمئن بن گئی۔ ان کی موجودگی میں رئیل میڈرڈ نے چمپینس لیگ جیتی تھی۔ واضح رہے رونالڈو نے 2013-14ء میں بھی یورپ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڑ جیتا تھا اور اب دومرتبہ یہ ایوارڈ اپنے نام کرکے ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ میسی کا ریکارڈ برابر کردیا۔