رونالڈو کا آخری مرحلے میں گول، ٹیم بدستور ناقابل شکست

اٹلانٹا ، 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرسٹیانو رونالڈو کو کوچ نے کھیل کے ابتدائی حصے میں آرام دینے کا فیصلہ کیا اور پھر اواخر جب ایسا مرحلہ آگیا کہ اُن کی ٹیم جوونٹس 10 رکنی تک گھٹ گئی تو رونالڈو کو میدان میں بھیجا گیا اور انھوں نے فیصلہ کن گول کے ذریعے میچ کو 2-2 ڈرا کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک پوائنٹ دلایا جو سیریئے A کی ٹاپ پوزیشن پر نپولی سے نو پوائنٹس تک آگے بڑھ گئی ہے۔ جوونٹس کوچ مسی میلیانو الرجی نے رونالڈو کو ابتداء میں آرام دینے کا فیصلہ کیا جبکہ سابق رئیل میڈرڈ اسٹار نے اٹلی کو منتقلی کے بعد سے پہلی مرتبہ کسی لیگ میچ میں شروعات نہیں کی، لیکن 33 سالہ کھلاڑی کی آخرکار ضرورت پڑی جس نے 78 ویں منٹ میں اسکور مساوی کیا جبکہ ڈیوان زپاٹا کے دو گول نے میزبانوں کو سبقت دلائی تھی۔ قبل ازیں جوونٹس کے بیراٹ جمسیٹی کے ’اون گول‘ نے مہمانوں کو میچ میں پیچھے کیا تھا۔رونالڈو کی عمدہ کوشش نے جوونٹس کو سیریئے اے میں بدستور ناقابل شکست رکھا ہے جبکہ سرمائی وقفے سے قبل آخری مقابلہ ہفتہ کو سمپڈوریا کے خلاف مقرر ہے۔