مانچسٹر۔24 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اپنے نئے کلب جوونٹس کی ٹیم کے ہمراہ اپنے سابق انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے خلاف میچ کھیلنے پہنچے تو انہوں نے اعتراف کیا یہ ان کے لئے ایک انوکھا تجربہ ہے۔دونوں ٹیمیں چیمپیئنز لیگ کے میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ پریس کانفرنس کے دوران ان کی قیمتی گھڑی نے بھی میڈیا کی توجہ حاصل کی جس کی مالیت12لاکھ پونڈ بتائی گئی ہے اور یہ424 ہیروں اور جواہرات سے مزین تھی۔ پریس کانفرنس میں رونالڈو سے زیادتی کے الزامات کے بارے میں بھی سوال کیاگیا تاہم انہوں نے ایک مرتبہ پھر انہیں غلط قرار دیا اورکہا کہ وہ اس معاملے میں بے گناہ ہیں۔رونالڈو نے گزشتہ سیزن کے دوران چمپیئنز لیگ کے فاتح ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ چھوڑ کر اطالوی کلب جوونٹس میں شمولیت اختیار کی جبکہ رئیل میڈرڈ سے قبل وہ مانچسٹر یونائیٹڈ کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں جہاں انہوں نے پہلا چمپیئنز لیگ خطاب جیتا تھا۔ رونالڈو نے کہا کہ وہ اس میچ کو یادگار بنانے کی کوشش کریں گے۔