رونالڈو آج جرمنی کے خلاف کھیلیں گے : ایڈورڈو

کمپیناس 14 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) پرتگال کے ورلڈ کپ افتتاحی میچ میں کرسٹیانو رونالڈو جرمنی کے خلاف یقینی طور پر میدان پر اتریں گے حالانکہ ان کے ٹخنے میں زخم ہے ۔ ٹیم کے گول کیپر ایڈورڈو نے یہ بات بتائی ۔ رونالڈو نے آج میڈیا کی موجودگی میں ٹیم کے وارم اپ میں حصہ لیا تاہم انہوں نے پوری احتیاط برتی اور اپنے متاثرہ ٹخنے پر زیادہ وزن نہیں ڈالا ۔ ٹیم نے آج جمپنگ وغیرہ کی پریکٹس کی ۔ حالانکہ رونالڈو نے جاریہ ہفتے آئر لینڈ کے خلاف پرتگال کے آخری وارم اپ مقابلے میں حصہ لیا تھا تاہم ابھی تک ان کی مکمل صحتیابی کے تعلق سے قطعیت سے کچھ بھی نہیں کہا جا رہا ہے ۔ ان کی ران اور ٹخنے میں زخم تھا ۔

رئیل میڈریڈ کیلئے کھیلنے والے فارورڈ کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی فٹنس و فارم ورلڈ کپ میں پرتگال کے امکانات کیلئے اہم ہوگا ۔ جمعرات کو ٹریننگ کے بعد جب رونالڈو زخم پر برف رگڑ رہے تھے اس وقت سے ان کے فارم کے تعلق سے اندیشے پیدا ہوگئے ہیں ۔ حالانکہ وہ کم وقت کی ٹریننگ میں اچھا دوڑ رہے ہیں لیکن فٹنس کے تعلق سے قطعیت سے کچھ نہیں کہا جاسکا ہے ۔ ایڈورڈو نے کہا کہ رونالڈو پیر کو سلواڈور میں ٹیم کے افتتاحی میچ کیلئے فٹ ہوجائیں گے اور یقینی طور پر وہ میچ میں شامل ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ کرسٹیانو کی ٹریننگ اچھی چل رہی ہے ۔ وہ بہت سخت محنت کر رہے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ وہ میچ تک فٹ ہوجائیں گے اور ٹیم کی مدد کیلئے موجود رہیں گے۔