رونالڈوکو ریکارڈ پانچویں مرتبہ بیلن ڈی ایوارڈ

پیرس ۔8 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام)پرتگال اور ریئل میڈرڈ کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سال کے بہترین کھلاڑی کا ’بیلن ڈی اور‘ ایوارڈ جیت کر اپنے روایتی حریف لیونل میسی کا پانچ مرتبہ یہ ایوارڈ جیتنے کا ریکارڈ برابر کردیا۔ رونالڈو کو لالیگا میں 25 گول کرنے کے علاوہ اپنی ٹیم ریئل میڈرڈ کو لگاتار دوسری مرتبہ چیمپیئنز لیگ جتوانے پر مسلسل دوسرے سال اس ایوارڈ کا فاتح قرار دیا گیا۔چیمپیئنز لیگ میں رونالڈو نے فائنل میں دو گول سمیت مجموعی طور پر 12 گول اسکور کیے اور ان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت میڈرڈ نے یوونٹس کو فائنل میں 4-1 سے مات دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ۔فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے مشہور زمانہ ایفل ٹاور میں منعقدہ شاندار تقریب میں سابق فرانسیسی کھلاڑی ڈیوڈ گنولا نے انہیں یہ ایوارڈ دیا۔عالمی شہرت یافتہ لیونل میسی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہے جبکہ رواں سال بارسلونا سے پیرس سینٹ جرمین منتقل ہونے والے دنیا کے مہنگے ترین کھلاڑی برازیلین نیمر تیسرے نمبر پر رہے جبکہ اطالوی گول کیپر گیان لوگی بفون چوتھے اور ریئل میڈرڈ کے مڈفیلڈر لوکا موڈرک پانچویں نمبر پر آئے۔اس فہرست میں چیلسی کے نگولو کانٹے انگلینڈ کی انگلش پریمیئر لیگ کے سب سے کامیاب کھلاڑی رہے جو فہرست میں آٹھویں نمبر پر رہے جبکہ ٹوٹنہم کے ہیری کین 10ویں نمبر کے ساتھ ٹاپ ٹین میں شامل واحد انگلش کھلاڑی تھے۔ اپنی ٹیم پرتگال کو آئندہ سال روس میں ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرانے میں اہم کردار ادا کرنے والے رونالڈو نے پہلی مرتبہ 2008 میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔اس کے بعد 2009 سے 2012 تک اگلے چار سال لیونل میسی کی بالادستی قائم رہی لیکن 2013 میں رونالڈو نے دوسری مرتبہ یہ ایوارڈ جیت کر میسی کی جیت کا تسلسل توڑ دیا اور 2014 میں لگاتار دوسری مرتبہ یہ ایوارڈ جیت کر اپنے ایوارڈز کی تعداد تین کر لی۔تاہم اگلے سال 2015 میں ایک مرتبہ پھر میسی نے یہ ایوارڈ جیت کر پانچ مرتبہ ایوارڈ جیتنے کا کارنامہ انجام دیا لیکن اس کے بعد وہ اپنی کارکردگی کا تسلسل قائم نہ رکھ سکے۔رونالڈو نے اگلے دونوں سال شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم ریئل میڈرڈ کو چیمپیئنز لیگ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا اور دونوں مرتبہ ایوارڈ جیت کر میسی کا پانچ مرتبہ ایوارڈ جیتنے کا ریکارڈ برابر کردیا۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ہی 32 سالہ پرتگالی اسٹرائیکر کو گلوبل سوکر باڈی کے ایوارڈ کی تقریب میں فیفا کے بہترین مرد کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔ بیلن ڈی اور پہلی مرتبہ 1956 میں دیا گیا اور 2010 سے 2015 تک فیفا کے ساتھ شراکت داری کے ساتھ اسے کھلاڑیوں کو دیا جاتا رہا لیکن 2016 سے ایک مرتبہ پھر اس کو انفرادی حیثیت میں بحال کردیا گیا۔