میڈرڈ ، 4 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال کلب ریئل میڈرڈ کے کروڑ پتی اسٹار کھلاڑی کرِسٹیانو رونالڈو نے اپنے ایجنٹ جارج مینڈس کو ان کی شادی پر یونان کا ایک جزیرہ تحفہ میں دیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ جزیرے کا نام تو ظاہر نہیں کیا گیا مگر اس کی قیمت کا اندازہ لاکھوں ڈالروں میں لگایا گیا ہے۔ اسپین میں ’مندو دیپورتی وو‘ ویب سائٹ کے مطابق رونالڈو یونان کے جزائر سے اچھی طرح واقف ہیں کیونکہ وہ وہاں چھٹیاں گزارتے رہے ہیں۔ مینڈس نے اپنی گرل فرینڈ سینڈرا سے اتوار کو پرتگال میں شادی رچائی۔مانچسٹر یونائیٹیڈ کے سابق منیجر نے 2003 ء میں رونالڈو کیلئے کام کرنا شروع کیا تھا۔ وہ پرتگال کی نیشنل ٹیم میں فارورڈ کی پوزیشن پر کھیلتے تھے۔ ان کا شمار دنیا میں فٹبال کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ وہ 2009ء تک اولڈ ٹرافورڈ کلب سے وابستہ رہے۔ رونالڈو تین مرتبہ ’بالون ڈی آر‘ کا فٹبالر آف دی ایئر ایوارڈ جیت چکے ہیں۔ شادی کی تقریب میں وہ رونالڈو مینڈس کے بسٹ مین (شادی کی تقریب میں دولھا کی خوبیاں بیان کرنے والا قریب ترین دوست) تھے۔ انھوں نے مینڈس کی تعریف کے پل باندھ دیئے۔ مینڈس کی عمر 49 برس ہے اور وہ فٹبال کی دنیا کے کامیاب ترین ایجنٹ ہیں۔ اس وقت یونان کے ایک درجن کے لگ بھگ جزیرے برائے فروخت ہیں۔ پرائیوٹ آئلینڈز آن لائن کی ویب سائٹ پر ایک جزیرے کی قیمت 30 لاکھ یورو لگائی گئی ہے۔ شادی کی یہ شاہانہ تقریب ایک انتہائی امیر علاقے پورٹو میں منعقد ہوئی۔ مینڈس اور سینڈرا باربوسا کے پہلے سے تین بچے ہیں جو دونوں کی 2005 ء سے دوستی کے دوران پیدا ہوئے تھے۔