روس کے آٹھ ویٹ لفٹرس پر ریو میں امتناع

پیرس۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) روس کی 8 رکنی طاقتور ویٹ لفٹنگ ٹیم کے ریو کھیلوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ڈوپنگ کے واقعات سے متاثرہ اس ملک ٹیم کیلئے یہ تازہ ترین دھکہ ہے۔ ویٹ لفٹنگ کے بین الاقوامی فیڈریشن (آئی ڈبلیو ایف) نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’روسیوں کی وجہ سے ویٹ لفٹنگ برادری کو کئی موقعوں اور سطحوں پر سنگین نقصانات پہونچے ہیں چنانچہ اس اسپورٹس کے رتبہ کے تحفظ کیلئے مناسب پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ اس طرح تاحال 117 روسی مسابقت کنندگان ریو اولمپکس پر امتناع عائد کیا جاچکا ہے۔ جن میں 67 ٹریک اور فیلڈ اتھلیٹس بھی شامل ہیں۔ وہ روسی اولمپکس کمیٹی کی طرف سے ابتدائی طور پر نامزد 387 اتھیلیٹس میں شامل تھے۔ ان آٹھ ویٹ لفٹرس میں او لیگ چن، ایڈم مالیگوف، رسلان الیگوف، ڈیوڈ بیڈ ژہنیان اور آرٹم اوکولوف بھی شامل ہیں جنہیں روس نے مردوں کے مقابلوں کے لئے منتخب کیا تھا۔ ٹاٹیانا کاشیرینا، ٹیما تورائیوا اور انستاسیا رومانووا ویمنس ٹیم کی ارکان تھیں۔