روس کا ریو اولمپکس میں شرکت کا امکان نہیں

زیورخ ، 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) یورپی اتھلیٹکس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ آئندہ سال برازیل میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں تک روس کا بین الاقوامی مقابلوں میں واپسی کا امکان کم ہے۔ اتھلیٹکس کی عالمی تنظیم آئی اے اے ایف نے کھیلوں میں ممنوعہ ادویات کے استعمال سے متعلق رپورٹ سامنے آنے کے بعد روس کی اتھلیٹکس فیڈریشن پر پابندی عائد کر دی تھی۔ یورپی اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر کا کہنا ہے کہ ‘انھیں شرائط پر عمل کرنا ہو گا لیکن وہ ریو اولمپکس میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔’ روس جانے والی معائنہ کمیٹی مارچ کے آخر میں آئی اے اے ایف کونسل کے اجلاس میں اپنی رپورٹ جمع کروائے گی جو کہ ریو اولمپکس کے مقابلوں سے محض پانچ ماہ پہلے ہو گا۔ ایک انٹرویو میں یورپی اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر مسٹر ہنسن نے کہا کہ ‘انھیں روایتی تبدیلیاں کرنا ہوں گی اور پہلے ان تمام لوگوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا۔’ ہم روس کے ایتھلیکٹس میں چند اچھے لوگوں کو جانتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ انھیں منتخب کیا جائے گا۔ ہم امید کر سکتے ہیں کہ کچھ ایسے افراد سامنے آئیں جو یہ سمھجتے ہوں کہ تبدیلیاں کہاں ہونی چاہیے۔ ‘اتھلیٹکس کی عالمی تنظیم آئی اے اے ایف نے کھیلوں میں ممنوعہ ادویات کے انسداد کے عالمی ادارے (ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی) کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد یہ فیصلہ کیا تھا، جس کے مطابق روس میں ‘حکومت ڈوپنگ میں ملوث تھی۔’ رواں سال نومبر میں آئی اے اے ایف کے کونسل اراکین نے روس پر پابندی لگائے جانے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔