روس ویٹ لفٹنگ ٹیم پر پابندی کے خلاف اپیل کریگا

ماسکو ، 2 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) روس کی ویٹ لفٹنگ فیڈریشن نے اپنے کھلاڑیوں پر برازیل کے شہر ریو میں شروع ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں شرکت پر پابندی کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریو اولمپکس کیلئے تمام کھیلوں کی فیڈریشنز اپنے طور پر فیصلہ کریں گی کہ روسی کھلاڑیوں کو ڈوپنگ اسکینڈل کے بعد مقابلوں میں شرکت کی اجازت ہو گی یا نہیں۔ عالمی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے کہا ہے کہ اس فیصلے کے بعد ایک تین رکنی پیانل حتمی طور پر یہ طے کرے گا کہ آیا روسی کھلاڑی ریو اولمپکس میں شرکت کر سکیں گے یا نہیں۔ روس کی حکومت کی جانب سے ڈوپنگ کے عمل کی پشت پناہی کی خبر سامنے آنے کے بعد بین الاقوامی ویٹ لفٹنگ فیڈریشن نے روس کے ریو اولمپکس میں شرکت پر پابندی عائد کر دی تھی۔ یہ اپیل 5 اگست سے شروع ہونے والے کھیلوں سے قبل کی جائے گی۔ آٹھ رکنی ٹیم کے دو ارکان پر ڈوپنگ کی خلاف ورزی کے تحت پہلے ہی پابندی کا شکار ہیں جبکہ چار مزید کا نام ڈاکٹر رچرڈ مک لیرین کی رپورٹ میں آیا ہے۔ ابھی تک 250 روسی کھلاڑیوں کو ریو اولمپکس میں شرکت کرنے کیلئے غیر ممنوعہ ادویات سے پاک قرار دیا گیا ہے۔