سینٹ پیٹر برگ۔20جون ( سیاست ڈاٹ کام ) روسی صدر ولادمیر پوٹن نے کہا ہے کہ روس نے 2018 ورلڈ کپ کے میزبانی کے حقوق دیانتداری کے ساتھ حاصل کئے ہیں اور اس کی میزبانی پر سوال اٹھانا بیجا ہے ۔ سوئیٹزرلینڈ کے حکام 2018فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی روس اور 2022ء ورلڈ کپ کی میزبانی کے حقوق قطر کو دیئے جانے کے معاملہ کی تحقیقات کررہے ہیں اور 2010ء میں جو ورلڈ کپ جنوبی افریقہ میں منعقد ہوا تھا اُس میں بھی رشوت کے معاملہ کی تحقیقات کررہے ہیں ۔ اس ضمن میں یہاں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے روسی صدر پوٹن نے مزید کہا کہ ہم نے ورلڈ کپ کی میزبان کے حصول کیلئے دیانتداری سے کارروائی کی تکمیل کی ہے اور ہمیں میزبانی کے حقوق حاصل کرنے میں کامیابی بھی حاصل ہوئی ہے لہدا ہم نہیں سمجھتے کہ میزبانی کے متعلق کوئی سوال اٹھایا جانا چاہیئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم تیار ہے اور فیفا کو اس کے متعلق آگاہ بھی کیا جاچکا ہے ۔ جب کہ میدانوں کی تعمیر کا آغاز پہلے ہی ہوچکا ہے ۔ واضح رہے کہ فیفا کی آڈیٹنگ کمیٹی نے رواں ماہ قطر اور روس کو انتباہ دیا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کی میزبانی کے حقوق سے محروم ہوسکتے ہیں کیونکہ فیفا میں ان دنوں رشوت ستانی کے بہت بڑے اسکینڈلس سامنے آئے ہیں ۔