خشوگی کا بہیمانہ قتل امریکہ کیلئے ناقابل برداشت : جیمز میٹس
منامہ۔27 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے باور کرایا ہے کہ روس شامی حکومت کے سربراہ بشار الاسد کے مفاد میں اپنی عسکری کامیابیوں کے بل بوتے پر شام میں اپنا اثر و رسوخ بڑھا رہا ہے تاہم وہ مشرق وسطی میں امریکہ کی جگہ نہیں لے سکتا۔امریکی وزیر دفاع نے یہ بات بحرین میں منعقد ہوئی ’’منامہ ڈائیلاگ‘‘ سکیورٹی کانفرنس میں شریک عرب قیادت کے سامنے اپنے خطاب کے دوران کہی۔ میٹس کے مطابق روس کی موقع پرستی اور شامی عوام کے خلاف بشار الاسد کی مجرمانہ سرگرمیوں سے چشم پوشی اس بات کا ثبوت ہے کہ ماسکو بنیادی اخلاقی اصولوں کی حقیقی پاسداری سے محروم ہے۔پنٹاگون کے چیف جیمز میٹس نے عرب رہنماؤں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ استنبول میں سعودی عرب قونصل خانے کے اندر سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل پرہم سب کو تشویش ہونی چاہیے۔امریکہ صحافی خشوگی کو اس قدر بے رحمی اور مجرمانہ طریقے سے خاموش کرنے کو برداشت نہیں کرتا۔ان کا کہنا تھا کہ کسی ملک کی عالمی اقدار کی پیروی میں ناکامی سے خطے کا استحکام مجروح ہوتا ہے جبکہ ایک ایسے وقت میں جب خطے کو اس کی اشد ضرورت ہے۔