کریملن۔6 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام )حکومت کی سرپرستی میں مبینہ ڈوپنگ کی وجہ سے روس پر آئندہ برس پیونگ یونگ میں منعقد ہونے والے سرمائی اولمپکس میں شرکت کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے تاہم روسی حکومت نے ان الزامات کے خلاف اپیل کرنے اور ایتھلیٹس کے حقوق کیلئے لڑنے کی بات کہی ہے ۔انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے روس کو پہلی مرتبہ مکمل طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سے قبل آئی او سی نے2014 میں روس کے سوچی کے سرمائی اولمپک کھیلوں میں اس کے ایتھلیٹس پر ڈوپنگ میں شامل ہونے کا الزام لگایا تھا۔کریملن کے ترجمان دمیتری پیسکوف نے کہا کہ روس اپنے ایتھلیٹس پر لگائے گئے الزامات کے خلاف اپیل کرے گا اور آئی او سی کے ساتھ اپنے تعلقات برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا۔آئی او سی نے 2018 پیونگ یونگ سرمائی اولمپک سے روس پرمکمل پابندی کا اعلان کیا تھا۔عالمی ادارے نے الزام لگایا کہ روس نے ڈوپنگ کو روکنے کیلئے کوئی مناسب اقدامات نہیں کئے ہیں۔پیسکوف نے کہا ہم اپنے کھلاڑیوں، روسی فیڈریشن اور اولمپینس اصولوں کی حفاظت کرنے کیلئے مصروف عمل ہیں اورساتھ ہی آئی او سی کے ساتھ موجودہ مسائل کوسلجھاتے ہوئے عالمی ادارے کے ساتھ اپنے تعلقات برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے ۔پیسکوف نے کہا کہ ان کے ملک کے اولمپک کھیلوں کا بائیکاٹ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔آئی او سی نے گزشتہ چند ماہ میں 2014 سوچی اولمپکس میں ایتھلیٹس پر ڈوپنگ کے الزامات لگاکر روس کے کم ازکم20 کھلاڑیوں کو معطل کردیا ہے اگرچہ روسی انتظامیہ نے ڈوپنگ میں حکومت کے شامل ہونے کے الزامات کو سرے سے مسترد کیا ہے اور ایک مرتبہ پھر آئی او سی کے ساتھ مل کر کام کرنے اور ممنوعہ دواؤں کے استعمال کو روکنے کیلئے سخت اقدامات اٹھانے کا بھروسہ دلایاہے ۔ روس کی پیرا اولمپک کمیٹی، ایتھلیٹکس فیڈریشن اور اینٹی ڈوپنگ ایجنسی روسادا پر اب بھی پابندی جاری ہے ۔
مانچسٹرسٹی کی میسی میں دلچسپی
بارسلونا۔6 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام ) انگلش فٹبال کلب مانچسٹرسٹی نے لیونل میسی کیلئے 88ملین پائونڈز کی پیشکش کردی ہے ۔ ہسپانوی اخبارکے مطابق ارجنٹیناکے اسٹار فٹبالر میسی کیلئے جنوری کی ٹرانسفر ونڈو میںپیشکش کی جائے گی۔ انگلش کلب اسٹارفٹ بالر کو 8 لاکھ پچاس ہزار پائونڈز فی ہفتہ کی پیشکش کرے گا جبکہ میسی نے پیشکش کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔