روسی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ دونوں پائلٹ ہلاک

دمشق،4جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شام میں روس کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر گرنے سے اس کے دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے ، جبکہ روس نے دہشت گردی کے عنصر کو خارج از امکان قرار دیا ہے ۔روسی وزارت دفاع کے مطابق ایم آئی 24 ہیلی کاپٹر کو نئے سال کے آغاز پر شام کے شمال مغربی شہر حماہ کے قریب پرواز پر تھا اور جب ہیلی کاپٹر حماہ ائیر بیس سے 15 کلومیٹر دور تھا فنی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ ہوگیا۔اس کے دونوں پائلٹ بچ نکلنے کی کوشش کے دوران میں ہلاک ہوئے اور ایک ٹیکنیشن شدید زخمی ہوگیا، جسے ہنگامی طور پر ایک اور ائیر بیس پر منتقل کردیا گیا ہے ۔انٹیلی جنس ٹیم کی پوسٹ کے مطابق روسی ہیلی کاپٹر بجلی کے تاروں پر گرا تھااور اس وقت وہ گاڑیوں کے ایک قافلے کی فضا میں نگرانی کررہا تھاجبکہ روس کی وزارت دفاع نے حادثے سے متعلق مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی ہے ۔