روسی کھلاڑیوں کی قسمت کا فیصلہ پینل پرمنحصر

ریو ۔ /31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے کہا ہے کہ ایک تین رکنی پینل یہ طے کرے گا کہ آیا روسی کھلاڑی ریو اولمپکس میں شرکت کر سکیں گے یا نہیں۔گذشتہ ہفتے آئی او سی نے کہا تھا کہ منفرد کھیلوں کے ادارے یہ طے کریں کہ روسی کھلاڑی ممنوعہ ادویات سے پاک ہیں یا نہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ روس میں حکومت کی ایما پر ڈوپنگ ہوتی رہی ہے۔لیکن آئی او سی نے کہا ہے کہ اب یہ تین رکنی پینل پر منحصر ہے کہ وہ ’حتمی تجویز کو قبول کرے یا مسترد کر دے‘۔ ابھی تک 250 روسی کھلاڑیوں کو ریو میں ہونے والے اولمپکس میں شرکت کرنے کے لیے غیر ممنوعہ ادویات سے پاک قرار دیا گیا ہے۔تین رکنی کمیٹی میں عالمی فن تیراندازی کے ادارے کے صدر اوغر ارڈینر، آئی او سی ایتھلیٹس کمیشن کی کلاڈیا بوکل اور آئی او سی کے سپین کے رکن ڑاں انٹونیو سمراینچ جونیئر شامل ہیں۔انسداد منشیات کی عالمی ایجنسی واڈا نے یہ تجویز دی تھی کہ تمام روسی کھلاڑیوں پر پابندی عائد کر دینی چاہیے۔
پاکستانی کھلاڑی ووسٹر سے برمنگھم پہنچ گئے، چہارشنبہ سے تیسرا ٹسٹ
برمنگھم ۔ /31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کھلاڑی ووسٹر سے برمنگھم پہنچ گئے ہیں جہاں مہمان ٹیم انگلینڈ کے خلاف تیسرا ٹیسٹ میچ 3 اگست سے کھیلے گی۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے ووسٹر شائر کاونٹی کے خلاف دو روزہ پریکٹس میچ میزبان ٹیم کے گراؤنڈ پر کھیلا، یہ میچ وقت سے پہلے ڈرا پر ختم ہوگیا، جس کے بعد پاکستانی ٹیم بذریعہ بس ووسٹر سے برمنگھم کے ہوٹل میں پہنچ گئی۔ پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 3اگست سے تیسرا ٹیسٹ اسی شہر میں کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان 4میچوں کی سیریز ایک ، ایک سے برابر ہے۔