روسی کھلاڑیوں پر پیرالمپکس میں شرکت پر پابندی برقرار

ماسکو۔24 اگست (سیاست ڈاٹ کام)کھیلوں کی بین الاقوامی عدالت نے پیر المپکس کی کمیٹی آئی پی سی کی جانب سے روسی ایتھلیٹس پر عائدکی جانے والی پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی پی سی نے یہ فیصلہ ڈوپنگ ایجنسی کی اس رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد کیا جس میں کہا گیا کہ روسی ایتھلیٹس ملک کے سرکاری حکام کی مدد سے ممنوع ادویات استعمال کرتے رہے ہیں۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ آئی پی سی کا فیصلہ درست تھا اور اپیل میں روس کے جانب سے کوئی ایسے شواہد پیش نہیں کئے گئے جنہیں دیکھ کر پابندی کے فیصلے کو غلط قرار دیا جاسکے۔آئی پی سی کے سربراہ نے ریو المپکس سے قبل پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ روس میں ممنوع ادویات کے استعمال کو روکنے کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے ، لہٰذا روس کی پیرالمپکس کمیٹی کی رکنیت فوراً معطل کی جا رہی ہے۔پیرالمپکس کمیٹی نے عالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کیلئے آزاد رپورٹ تیار کرنے والے رچرڈ میک لیرن سے مزید معلومات بھی طلب کر لی ہیں۔فلپ کریون نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ  فیصلہ ہمارے اس یقین کا عکاس ہے کہ پیرالمپکس کھیلوں میں ڈوپنگ کی کوئی جگہ نہیں اور یہ دنیا بھر میں شفاف مقابلوں کو مزید بہتر بنانے کی راہ ہموار کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم اس فیصلے پر خوش ہیں لیکن یہ کوئی جشن کا دن نہیں اور ہماری ہمدردیاں روسی ایتھلیٹس کے ساتھ ہیں جو ریو پیرالمپکس 2016 ء میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔پیرالمپک گیمز کا انعقاد ریو ڈی جنیرو میں سات سے 18 ستمبر تک ہو گا۔