ماسکو۔22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) روس کی ابھرتی ٹینس اسٹاروائلیٹا ڈیگتیاریوا کی موت کا معمہ حل ہوگیا۔ وہ ٹریننگ کے دوران میدان پر گر کر فوت ہوگئی تھیں۔ تازہ رپورٹس کے مطابق انہیں دل کا دورہ پڑا تھا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ 23 سالہ وائلیٹا کے بارے میں خیال کیا جارہا تھا کہ وہ ماریا شاراپوا اور اینا کورنیکووا کی طرح کھیل کے ساتھ ساتھ اپنی خوب صورتی کی وجہ سے دنیا میں نام کماسکتی ہیں۔اس کھلاڑی نے کریر میں ایک مرتبہ ترکی میں آئی ٹی ایف ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرکے صلاحیت کی جھلک دکھائی تھی۔نامعلوم وجوہات کی بنا پر موت کی خبر فوری طور پر میڈیا کو جاری نہیں کی گئی لیکن ان کے دوستوں اور ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے سماجی ویب سائٹ پر تعزیتی پیغامات کے بعد میڈیا کو اس کا علم ہوا۔