ریاض ۔ 4 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ریاض کے قصر یمامہ میں روس کے وزیرتوانائی اور وفد کے سربراہ الیگزینڈر نووک نے ملاقات کی۔ انہوں نے سعودی عرب اور روس کے باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی حالات حاضرہ پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف شعبوں میں دونوں دوست ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں روسی سعودی مشترکہ کمیشن کے کردار کی اہمیت کا جائزہ لیا۔سعودی وفد کی قیادت وزیرتجارت وسرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی اور روسی وفد کی سربراہی وزیرتوانائی نے کی۔اجلاس میں سرکاری اداروں کے متعدد نمائندے اور دونوں ملکوں کے متعدد سرمایہ کار شریک ہوئے۔دونوں ملکوں کے وفود کے سربراہوں نے کمیشن کے اجلاس کے منٹس پر دستخط کئے۔
العبادی کا ’القائم‘ اور اطراف سے
داعش کا صفایا کرنے کا اعلان
بغداد ۔ 4 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے کم سے کم وقت میں ترکی کی سرحد سے متصل القائم گذرگاہ اور اطراف کے علاقوں سے داعش کو نکال باہر کرنے اور علاقے کو حکومتی عمل داری میں شامل کرنے پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ القائم پر داعش کا نہیں اب ہمارے ہیروز کا کنٹرول ہے۔ القائم پر حکومتی کنٹرول کے بعد داعش کے خلاف لڑائی کا پہلا مرحلہ اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ جمعہ کے روز عراق کی جوائنٹ سکیورٹی فورسز نے مغربی عراق کی الانبار گورنری سے شام کے ساتھ ملانے والی گذرگاہ القائم پر عراقی پرچم لہرانے کا اعلان کیا تھا۔ مغربی الانبار میں عراقی فوج کے آپریشنل کمانڈر جنرل عبدالامیر رشید یاراللہ نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے شام سے متصل القائم گذرگاہ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔