ووہان ، 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)روسی ساحرہ ماریا شاراپوا ایک بار پھر انجری مسائل کا شکار ہوگئیں، جنہیں ووہان اوپن کے پہلے راؤنڈ میں باربورا سٹرائیکووا کیخلاف مقابلے سے دستبردار ہونا پڑا ہے۔ ومبلڈن کے سیمی فائنل میں سرینا ولیمز کیخلاف شکست کے بعد ماریا کا یہ پہلا میچ تھا لیکن تیسرے سٹ میں انہیں کلائی میں انجری کے سبب کورٹ چھوڑنا پڑا اور ان کی حریف کو دوسرے راؤنڈ میں کھیلنے کا موقع مل گیا۔ سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی کو پاؤں کے زخم نے پہلے ہی پریشان کررکھا تھا جبکہ کلائی کی تازہ انجری نے ان کیلئے مشکلات بڑھا دی ہیں۔