روزہ ، غریبوں کی بھوک ‘ پیاس کا احساس دلاتا ہے

کریم نگر میں محکمہ پولیس کی جانب سے دعوت افطار، ڈی آئی جی، پولیس کمشنر اور دیگر کا خطاب
کریم نگر۔/23 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) 6 رمضان المبارک کو کریم نگر پولیس کمشنریٹ میں جان ولسن یادگار اوپن تھیٹر میں محکمہ پولیس کے زیر اہتمام دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔ شہریان کریم نگر کے مسلم روزہ داروں کے ساتھ دیگر معزز سیاسی قائدین، عہدیداران، تاجرین اور مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے غیر مسلم بھی شریک تھے۔ اس موقع پر مفتی غیاث محی الدین نے تلاوت قرآن پاک کی اور حافظ قیوم ضیائی نے رقت انگیز دعا کی ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی گنگولا کملاکر، کمشنر پولیس کملاسن ریڈی، ڈی آئی جی پرمود کمار، کلکٹر سرفراز احمد نے بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کریم نگر ضلع میں ہمیشہ امن برقرار رہا ہے یہاں کی تہذیب ہندو مسلم دوستی اور رواداری ایک دوسرے کے تہواروں میں شرکت مثالی رہی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی اسی طرح کا خوشگوار اور پرامن ماحول برقرار رہنے کیلئے یہاں کے عوام ہندو، مسلم ، سکھ، عیسائی سبھی مل جل کر عید اور تہواروں کی خوشیوں کے موقع پر ایک دوسرے کو مدعو کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں روزہ رکھنا مسلم بھائیوں کی ایک مقدس ترین عبادت ہے جو غریبوں کی بھوک پیاس کا احساس دلاتا ہے۔ اس موسم گرما میں شدت کی گرمی میں تقریباً 15 گھنٹے مسلمان چھوٹے بڑے اور بوڑھے سبھی روزہ رکھتے ہیں۔ اس پروگرام میں ایم ایل سی نارا داس لکشمن کمار، شہر کے میئر سردار رویندر سنگھ، میونسپل کمشنر ششانک، ڈپٹی میئر گوگیلا رمیش، ایڈیشنل ڈی سی پی سنجو کمار، اے سی پی وینکٹ رمنا، انسپکٹر ٹی سرینواس، مہیش گوڑ، وجئے کمار، ایم رمیش، ملیش، جانی بھائی، سابق ایم پی پونم پربھاکر، سابق ریاستی وہپ ارے پلی موہن، سماجی کارکن سید غلام احمد حسین، مولانا مفتی ندیم الدین صدر کل ہند علماء کونسل، مولانا قیوم ضیائی، حافظ یوسف، جناب خیر الدین جماعت اسلامی ہند، کارپوریٹرس وغیرہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر غیر مسلم شرکاء میں قرآن مجید کا ترجمہ تلگو میں جناب خیر الدین نے تقسیم کیا۔ اس کے ساتھ ہی ماہنامہ تلگو گیٹورائی کی تقسیم بھی عمل میں لائی گئی۔ تقریب کی کارروائی نثار احمد جرنلسٹ نے چلائی۔