روزہ، پرہیزگاری کی صفات پیدا کرتا ہے

جامع مسجد جاجا پور منڈل میں دعوت افطار،جناب عبد الرؤف حسام الدین کا خطاب
نارائن پیٹ /27 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) روزہ فرد کے اندر تقویٰ اور پرہیزگاری کی صفات پیدا کرتا ہے، ہمیں اپنا محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم نے اپنے اندر کس قدر پرہیزگاری کی صفات کو جذب کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ جناب عبد الرؤف حسام الدین نے جامع مسجد جاجاپور منڈل نارائن میں منعقدہ دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ متقی اور پرہیزگاروں کی صفات کا ذکر اللہ تعالی نے قرآن میں کرتے ہوئے ان کی نشاندہی کی ہے کہ وہ متقی وہ لوگ ہیں جو اللہ پر ایمان رکھتے ہیں، نماز قائم کرتے ہیں اور اپنے رزق میں سے دوسروں پر خرچ کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نماز ساری زندگی فرض ہے، لہذا جس طرح ہم رمضان کے مہینہ میں اللہ کے حکم پر کھانا پینا اور نفسانی خواہشات کو چھوڑ دیتے ہیں، رمضان کے بعد بھی ہمارا یہ وصف ہونا چاہئے کہ اللہ تعالی نے جن باتوں کا حکم دیا ہے اس پر عمل کریں اور جن کاموں سے روکا ہے ان کاموں کو ترک کردیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم اپنے تمام مسائل کا حل قرآن پاک میں ڈھونڈیں اور اسی کے مطابق اپنے مسائل حل کریں۔ مسلمان اپنے اندر اتحاد و اتفاق پیدا کریں اور فروعی اختلافات کو فروغ نہ دیں۔ انھوں نے کہا کہ مسلمان اسلام کا عملی نمونہ بن جائیں اور اسوہ حسنہ کو اختیار کریں۔ آخر میں حافظ محمد رفیع نے دعا کی۔ اس دعوت افطار میں محمد راشد فیصل، ریاستی قائد ایس آئی او اور جناب محمد قدرت اللہ نے بھی شرکت کی۔