روحانی رہنما کو سزائے موت

دبئی۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران کی ایک عدالت نے ایک روحانی تحریک کے بانی کو جس کی پہلی سزائے موت کو سپریم کورٹ نے منسوخ کردیا تھا، دوبارہ موت کی سزا سنائی ہے ۔ یہ اطلاع آج عدلیہ نے دی۔ عرفان حلقہ کے بانی محمد علی طاہری کو 2011ء میں گرفتار کیا گیا تھا اور مقدس اسلامی عقائد کی بے حرمتی کے الزام میں پانچ سال کی سزائے قید سنائی گئی تھی۔ طاہری کو انقلابی عدالت نے 2015میں زمین پر فساد پھیلانے کے جرم میں سزائے موت سنائی تھی مگر سپریم کورٹ نے اس سزا کو منسوخ کردیا تھا۔ عدلیہ کے ترجمان غلام حسین محسنی کے حوالے سے خبررساں ایجنسی’ اسنا’ نے بتایا کہ طاہری کا مقدمہ ذیلی عدالت کو واپس بھیج دیا گیا تھا جہاں ایک وکیل اور مختلف مشیروں کی موجودگی میں ان کے معاملہ کی از سر نو سماعت ہوئی اور انہیں موت کی سزا سنائی گئی۔ اس سزا کے خلاف اپیل کی گنجائش ہے ۔