روحانیت ہندوستان کی طاقت: وزیر اعظم مودی

نئی دہلی۔/7مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ہندوستان کی روحانیت اس کی طاقت ہے لیکن بدبختی سے بعض لوگ اسے مذہب سے جوڑ دیتے ہیں۔ یوگودا ست سنگا سوسائٹی آف انڈیا ( وائی ایس ایس ) کی صد سالہ تقاریب کے سلسلہ میں یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوگا روحانیت کے سفر کی سمت پہلا قدم ہے۔ مودی نے کہا کہ دنیا ہندوستان کا تقابل اس کی آبادی، جی ڈی پی( مجموعی دیسی پیداوار) یا شرح روزگار کی اساس پر کرتی ہے لیکن دنیا نے کبھی ہندوستان کو اس کی روحانیت کیلئے نہیں جانا اور تسلیم نہیں کیا۔ وزیر اعظم نے یوگی پرم ہنس کو بھی سراہا جو ہندوستان کی سرحدوں کو چھوڑ کر اپنا پیام پھیلانے نکل پڑے تھے لیکن ہمیشہ ہندوستان کی جڑوں سے جڑے رہے۔ پرم ہنس نے وائی ایس ایس کی تشکیل 1917ء میں کی تھی۔ اس موقع پر مودی نے ایک یادگاری خصوصی ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا۔