سنگاریڈی5فبروری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جناب حکیم عمر بن احمد المعروف حبیب فیض علی شاہ عرفانی بندہ نوازی سجادہ نشین بارگاہ عرفانی ‘ چائوش باغ سنگاریڈی نے آج دوپہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قطب الاقطاب نبیرہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ حضرت خواجہ سید شاہ مولوی عبدالجبار محمد محمد الحسینی کے خلیفہ پیر طریقت شیخ العرفان حضرت الحاج حبیب احمد بن عمر المعروف حبیب عرفان علی شاہ بندہ نوازی ؒ کے بارھویں عرس شریف کے دو روزہ تقاریب 8اور 9فروری کو احاطہ درگاہ حضرت ممدوح واقع چائوش باغ سنگاریڈی میں عالیشان پیمانہ پر منعقد ہونگیں۔ 8؍ فروری بروز اتوار بعد نماز عصر جامع مسجد سنگاریڈی سے جلوس صندل بر آمد ہوگا اور 8؍ بجے شب صندل مالی ہوگی اس کے بعد خلفاء ‘ مریدین اور معتقدین کی جانب سے صندل پیش کئے جائیں گے بضمن عرس عرفانی گذشتہ چار سالوں سے کل ہند مشاعرہ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے امسال بھی 8فروری بروز اتوار کل ہند مشاعرہ منعقد ہوگا ۔ جب کہ 9فروری بروز پیر تبرک طعام عام کا نظم ہوگا اور بعد نماز عشاء محفل سماع منعقد ہوگی ۔ جس میں حیدرآباد کے مختلف و ممتاز ثناء خواں قوال کلام پیش کریں گے انہوں نے بتایا کہ خانقاہ حضرت عرفانی ایک عرصہ سے فیضان روحانی و حکمت کا مرکز ہے جہاں سے عوام مستفید ہورہے ہیں طریقت ‘ روحانیت‘ عرفان کے علاوہ علم و ادب کی تعلیم و تربیت اور اس کو فروغ دینے کی سرگرمیاں جاری ہیں خانقاہ عرفانی میں قرآن فہمی کلاسس کا مولانا مفتی سید صغیر احمد شیخ الفقاء جامعہ نظامیہ حیدرآباد کی زیر نگرانی منعقد ہورہی ہیں ۔ اس میں تقریباً 15طلباء نے تاحال 15پاروں کا ترجمہ کرنا سیکھ لیا ہے ۔ اس کے علاوہ عربی زبان بول چال اور عربی گرامر کی بھی تعلیم دی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ممبئی اور راجستھان کے ماہرین کی نگرانی میں درگاہ گنبد کے اندرونی حصہ میں موجود آیات پر طلائی ورق چڑھانے کا کام جاری ہے اور توقع ہے کہ عرس سے قبل کام مکمل کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ خانقاہ عرفانی کے عرس تقاریب اور دیگر موقعوں پر ملک کے جید مشائخین عظام نے شرکت کی جن میں حضرت سید محمد محمد الحسینی خسرو پاشاہ صاحب سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ گلبرگہ شریف ‘ حضرت سید محمد فضل المتین معینی چشتی گدی نشین درگاہ حضرت خواجہ غریب نواز ؒ اجمیر شریف ‘ حضرت سید شاہ مرتضیٰ حسین الہاشمی سجادہ نشین درگاہ حضرت ہاشم پیر دستگیر مرید نواز ؒ بیجاپور‘ اور دیگر علماء کرام شامل ہیں ان کے علاوہ جناب زاہد علی خان چیف ایڈیٹر روز نامہ سیاست حیدرآباد ‘ جناب شیخ محمد اقبال آئی۔پی۔ایس ‘ اراکین اسمبلی ‘ اراکین پارلیمنٹ اور دیگر معززین نے بھی بارگاہ عرفانی کے تقریبات میں شرکت کی ۔ جناب حکیم عمر بن احمد المعروف فیض علی شاہ عرفانی بندہ نوازی سجادہ نشین بارگاہ عرفانی نے کہا کہ عرس عرفانی کمیٹی کے زیر اہتمام عرس کے موقع پر گذشتہ چار سالوں سے کل ہند مشاعرہ کا اہتمام کیا جارہا ہے جس کا مقصد طریقت و روحانیت کے عظیم پیغام کو نہ صرف عوام تک پہنچانا ہے بلکہ علم و ادب اور زبان اُردو کے فروغ کے علاوہ باہمی اتحاد و اتفاق و قومی یکجہتی کا پیغام دینا بھی ہے انہوں نے بتایا کہ عرس عرفانی کل ہند مشاعرہ اپنے آپ میں منفرد ہے اور با ذوق عوام اس مشاعرہ کا بے چینی کے ساتھ انتظار کرتے ہیں ۔ چونکہ عرس عرفانی کل ہند مشاعرہ معروف و استاد شعراء اکرام کی شرکت کے حوالہ سے تلنگانہ کے اضلاع میں انفرادی تاریخ رقم کی ہے ۔ اس مرتبہ 8فروری بروز اتوار بمقام احاطہ بارگاہ عرفانی چائوش باغ سنگاریڈی میں شب 9بجے سے کل ہند مشاعرہ منعقد ہوگا جس میں ڈاکٹر ماجد دیو بندی ‘ عمران پرتاب گڑھی ‘ ندیم شاد دیوبندی‘ حامد بھنساولی‘ ڈاکٹر فاروق شکیل ‘ مسعود جاوید ہاشمی‘ فیروز رشید‘ محمد زاہد ہریانوی‘ ڈاکٹر رضی شطاری ‘ سیف الدین غوری سیف ‘ صابر بسمتی اور فیاض علی سکندر مدعو ہیں ۔فیروز رشید ناظم مشاعرہ ‘عبدالرزاق قریشی کنوینر اور شبیر احمد ہاشمی معاون کنوینر مشاعرہ ہیں ۔ انہوں نے عوام سے دو روزہ عرس تقاریب اور کل ہند مشاعرہ میں معہ دوست احباب شرکت کی خواہش کی ہے۔