کولمبو ۔28 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا نے تجربہ کار اسپنر رنگنا ہیراتھ کو بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کے لئے میتھیوز کی جگہ کپتان مقرر کردیا ہے۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ کے مطابق 38 سالہ ہیراتھ نے بنگلہ دیشی ٹیم کے خلاف ٹسٹ سیریز میں ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری لے لی ہے۔ اینجیلو میتھیوز کو بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کے لئے ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا کیونکہ انہیں ڈاکٹرس نے آرام کا مشورہ دیاہے۔خیال رہے کہ سری لنکا کے مستقل کپتان میتھیوز ٹخنے کے زخم کے باعث گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے دورے سے واپس آئے تھے۔دوسری جانب ہیراتھ نے گزشتہ سال نومبر میں زمبابوے کے خلاف دوٹسٹ میچوں کی سیریز میں سری لنکائی ٹیم کی قیادت کی تھی۔سری لنکائی کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف 7 مارچ کو شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز کے لئے ٹیم کا اعلان نہیں کیا ہے تاہم کپتان کا پہلے ہی اعلان کردیا ہے۔سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں پہلا ٹسٹ گال میں کھیلیں گی جبکہ دوسرے ٹسٹ کا آغاز 15 مارچ کو کولمبو میں ہوگا۔سری لنکا نے ہوم گراؤنڈ میں گزشتہ سال اگست میں آسٹریلیا کو 3-0 سے شکست دے کر عالمی چمپیئن کو ٹسٹ میں پہلی مرتبہ وائٹ واش کرنے کا ریکارڈ بنایا۔دوسری جانب بنگلہ دیش کی ٹیم نے بھی گزشتہ چند برسوں میں ٹسٹ کرکٹ میں ترقی کی ہے اور انگلینڈ کو ہوم سیریز کے ایک میچ میں شکست دی ہے اور نیوزی لینڈ کے خلاف بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان آخری مرتبہ 2014 میں ٹسٹ سیریز کھیلی گئی تھی جہاں سری لنکا نے پہلے میچ میں 248 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی اور دوسرا میچ برابری پر ختم ہوا تھا۔
زخمی میتھیوز بنگلہ دیش ٹسٹ سیریز سے باہر
کولمبو۔28 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے کپتان اینجلو میتھیوز نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹر ز نے انہیں دو ، تین ہفتوں تک مکمل آرام کی ہدایت دی ہے تاکہ وہ صد فیصد فٹنس حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میںعضلات کی جکڑن کا مسئلہ پیدا ہوا جس کے باعث وہ بنگلہ دیش کیخلاف ٹسٹ سیریز کھیلنے سے محروم ہوگئے ہیں۔