رنگارنگ تقریب کے ساتھ گلاسگو کامن ویلتھ گیمس کا آغاز

71ممالک کے 4500اتھیلیٹس کا شاندار طریقہ سے خیرمقدم
گلاسگو۔24جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) گلاسگوکامن ویلتھ گیمس رنگا رنگ اور دلفریب تقریب میں شروع ہوگئے‘ اس خوبصورت تقریب میں کامن ویلتھ ممالک کے اتھیلیٹسنییہ عہد کیا کہ وہ کھیلوں سے دنیا میں محبت دوستی کے پیغام کو عام کریں گے۔ گیمس میں شریک ممالک کے کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا، ان کھیلوں میں سب سے بڑا دستہ آسٹریلیاکا ہے جس میں417 کھلاڑی اور عہدیدار شامل ہیں جبکہ دوسرا بڑا دستہ انگلینڈ کا ہے جس میں 416 کھلاڑی اور عہدیدار شامل ہیں جب کہ سب سے چھوٹا دستہ برونائی کا ہے جس میں صرف ایک ایتھلیٹ شامل ہے۔ برونائی کے محمد عمادی عزیز سائیکلنگ کے ایونٹ میں اپنے ملک کی نمائندگی کررہے ہیں ۔گلاسگو میں ناظرین کی سہولت کیلئے یورپ کی سب سے بڑے ایل ای ڈی اسکرین جنوبی اسٹینڈ میں نصب کی گئی جو 100میٹر لمبی، 11میٹر اونچی اور 38ٹن وزنی ہے۔کامن ویلتھ گیمس 1954میں پہلی مرتبہ منعقد ہوئے تھے ۔ گلاسگو اس سے قبل1970اور1986 میں بھی ان کھیلوں کی میز بانی کر چکا ہے۔ افتتاحی تقریب میں فن کاروں نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا، کھلاڑیوں سے حلف لیا گیا ۔ افتتاحی تقریب میں رقص،

موسیقی، جسمانی کرتب کے دل کو لبھانے والے دلکش مظاہرے بھی پیش کئے گئے، اس موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا، جس سے رنگ نور کی بارش کا سماں بندھ گیا تھا، ہزاروں افراد نے اس افتتاحی تقریب میں شر کت کی، ان کھیلوں کی مشعل روشن کردی گئی ہے جو3 اگست تک روشن رہے گی، ملکہ بر طانیہ نے ان کھیلوں کے با قاعدہ آغاز کا اعلان کیا۔ ہندوستان کے سابق اسٹار کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ سچن اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کے خیرسگالی سفیر ہیں اور یونیسیف ان گیمس کے انعقاد میں شراکت دار ہے۔ سچن اسی حیثیت سے افتتاحی تقریب کا حصہ رہے ۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، ان کھیلوں میں حصہ لینے والے6500اتھیلیٹس اور عہدیدار گلاسگو کے ایسٹ اینڈ میں واقع گیمز ولیج میں مقیم ہیں ۔ولیج میں ہر ٹیم کیلئے ایک خیر مقدمی تقریب کا انعقاد کیا گیا

جس میں رگبی کے عظیم کھلاڑی گیون ہیسٹنگز، اسکاٹ لینڈ کے انتہائی کامیاب اولمپین سرکرس ہوئے اور جمناسٹکس کے سب سے پہلے گولڈ میڈلسٹ اسٹیو فریو بھی شامل تھے۔ دنیا بھر کے ڈیرھ ارب سے زائد افراد براہ راست ٹیلی ویژن اسکرینس پر لطف اندوز ہوئے۔ افتتاحی تقریب حیرت انگیز مناظر پر مشتمل تھی ہزاروں رضاکار دنیا بھر میں مشہور روڈ اسٹیوراٹ، سوسان بوائلے اور نکولا بینیڈیٹی کے ساتھ شہر کو کامن ویلتھ کو اسکاٹ لینڈ کے سب سے بڑے کھیلوں کے جشن میں کھلاڑیوں اور مہمانوں کو خوش آمدید کہنے میں مددکی۔ کامن ویلتھ گیمز میں ہاکی اور دیگر مقابلوں کا آعاز جمعرات کو ہوچکا ہے ۔گیمس کا آغاز کرنے کے بعد ملکہ ایلزبتھ نے کہا کہ بیسویں کامن ویلتھ گیمس کا آغاز کا اعلان کرنا میرے لئے ایک خصوصی ایک اعزاز ہے جیسا کہ 1986ء کے بعد یہ دوباریہاں منعقد ہورہے ہیں۔