حیدرآباد۔ 2 فروری (سیاست نیوز) رنمست پورہ قتل کیس میں ملوث دو ملزمین کو بہادر پورہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس چارمینار کے اشوک چکرورتی نے بتایا کہ 4 جنوری کو 42 سالہ شیخ خالد ساکن کالا پتھر اور 35 سالہ محمد انور علی عرف انو ساکن رنمست پورہ نے اسی علاقہ کے ساکن منصور خان کا بہیمانہ طور پر چاقو سے حملہ کرکے قتل کردیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سابق میں منصور خان خالد کے درمیان معمولی مسئلہ پر جھگڑا ہوا تھا لیکن محلہ کے بزرگ حضرات نے صلح کرادی تاہم منصور خان نے خالد کو اس کی بیوی اور بچوں کے روبرو پٹائی کی تھی جس کے نتیجہ میں خالد نے منصور سے انتقام لینے کا فیصلہ کیا اور 28 جنوری کو اچانک خالد، انور علی، منور علی اور دیگر نے منصور کا قتل کردیا۔ بہادر پورہ پولیس کی ٹیم نے 2 ملزمین کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی اور ان کے قبضہ سے قتل میں استعمال کئے گئے خنجر اور دیگر مہلک ہتھیاروں کو برآمد کیا جبکہ منور علی عرف ببو اور دیگر ملزمین ہنوز فرار ہیں۔