بغداد۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عراق اور ایران نے وزیر دفاع امریکہ ایش کارٹر پر جوابی تنقید کرتے ہوئے انہیں رمضی میں دولت اسلامیہ کے ہاتھوں شکست کا ذمہ دار قرار دیا۔ ایک ایرانی جنرل نے یہاں تک کہا کہ امریکہ کے پاس انتہا پسندوں سے جنگ کرنے کا ’’عزم‘‘ نہیں ہے۔ بغداد میں وزیراعظم ایران کے ترجمان نے کہا کہ کارٹر نے غلط اطلاعات فراہم کی تھیں ۔ عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے کہا کہ اس جنگ میں عراق، امریکہ کا قریبی حلیف ہے اور چاہتا ہے کہ گزشتہ سال دولت اسلامیہ نے اس کے جن علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے، انہیں واپس حاصل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین نہیں ہے کہ وزیر دفاع امریکہ کارٹر نے اس قسم کا چبھتا ہوا تبصرہ کیا ہے۔ وہ بی بی سی پر انٹرویو دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رمضی میں شکست عراق کے وسیع ترین صوبہ عنبر کے دفاع کو بھی مشکوک بناتی ہے۔