رمضان کے دوران شہر میں انتظامات کا جائزہ

جی ایچ ایم سی کا خصوصی اجلاس، میئر اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 16 مئی (این ایس ایس) جی ایچ ایم سی کے میئر بی رام موہن ریڈی نے آج شہر کے تمام کارپوریٹرس پر زور دیا ہیکہ رمضان المبارک کے موقع پر پوری ذمہ داری کیساتھ اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے تمام ضروری انتظامات کیلئے کلیدی رول ادا کریں۔ میئر نے کہا کہ ریاستی حکومت رمضان، کرسمس اور بونال کے تہوار سرکاری طور پر مناتی ہے اور تمام شہریوں کو بلالحاظ مذہب و طبقات ممکنہ سہولتیں فراہم کرتی ہے۔ اقلیتی کمیشن کے تعاون سے رمضان کے دوران جی ایچ ایم سی حدود میں واقع مختلف مساجد میں عید کے تحفہ کے طور پر مسلم بھائیوں کو دو لاکھ کٹس تقسیم کئے جاتے ہیں۔ میئر رام موہن رمضان کے دوران کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین کارپوریٹرس، کمشنر بی جناردھن ریڈی، مشیراقلیتی بہبود اے کے خاں اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس میں منعقد اجلاس میں سینئر عہدیداروں سے انتظامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ میئر، ڈپٹی میئر اور کمشنر نے عہدیداروں کو سڑکوں کی مرمت، اہم مقامات پر عبوری اسٹریٹ لائیٹس کی تنصیب، مساجد کے قریب صفائی اور روشنی کے انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔