رمضان میں کثرت سے عبادت کرنے کی تلقین

بچکنڈہ ۔2 ۔ جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) واجد نگر جامع مسجد میں جلسہ استقبال رمضان و اصلاح معاشرہ منعقد کیا گیا تھا جلسہ کا آغاز محمد قمر کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ نعت پاک مولانا عبدالعلیم فاروقی ناظم مدرسہ خیرالنساء للبنات بچکنڈہ نے پیش کی ۔ جلسہ کی کارروائی حافظ محمد محسن نے چلائی ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مفتی غلام یزدانی اشاعتی صدرجمعیت العلماء بیدر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا مقدس بابرکت مہینہ رمضان کا ہے رمضان میں یکسوئی کے ساتھ عبادت میں لگے رہیں اگر کوئی شخص رمضان میں غیررمضان کی طرح زندگی گدارے تو رمضان کل قیامت کے دن اللہ کے ربار میں شکایت کرے گا کہ اسے اللہ اس بندے نے میری ناقدری کی ۔ اگر آدمی رمضان کی قدر کریں روزہ ، نماز ، تلاوت ، ذکر و اذکار ، درود پاک ، نوافل ، قرآن کی تلاوت تراویح کا اہتمام کیا تو رمضان اس شخص کو جنت میں ڈلوانے کیلئے جھگڑے گا اور جنت میں داخلہ دلوائے گا ۔ مفتی صاحب نے کہا کہ اللہ تعالی رمضان میں ہر عمل کو بڑھا دیتا ہے ۔ ایک نفل ادا کرنے پر فرض کا ثواب ملتا ہے اگر کوئی بابرکت ماہ میں ایک فرض ادا کرے تو 70 فرض ادا کرنے کا ثواب ملتا ہے ۔ رمضان کی خصوصیت یہ ہیکہ رمضان میں اس امت کو شب قدر جیسی فضیلت والی رات عطا کی گئی ۔ رمضان کا مہینہ غمخواری اور صبر کا مہینہ ہے ، صبر کا بدلہ جنت ہے اس ماہ میں مومن کا رزق بڑھا دیا جاتا ہے ۔ اللہ نے مال و دولت سے نوازا ہو تو غریبوں ، بیواؤں پر خرچ کریں ۔ مفتی صاحب کی طویل دعا پر جلسہ کا اختتام پذیر ہوا ۔ اس موقع پر جناب سعید پٹیل قائد تلگودیشم جناب علی شاہ صدر جامع مسجد واجد نگر جناب شیخ حسین کے علاوہ عوام اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ حافظ محمد محسن نے آئے ہوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔