رمضان میں صفائی انتظامات کو بہتر بنانے کا مطالبہ

ناندیڑ۔18جون(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ناندیڑ شہر کے بیشتر مسلم اقلیتی علاقوں میں مقامی باشندوں کو بُنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے سبب پچھلے کئی برسوں سے کئی طرح کے مسائل سے دوچار ہونے کی نوبت پیش آرہی ہے۔ اس سلگتے و پیچیدہ مسئلے کو حل کرنے کیلئے ناندیڑ WPIکے ذمہ داران میں شامل فیروز خان غازی (ضلع صدر ) ، سمیر پٹھان ( پی آر سیکریٹری ) ، حافظ محمد انیس خان ، عبدالقدیر (یوتھ اسٹیٹ سیکریٹری ) اسلم خان (سیکریٹری ) و دیگر ذمہ داران کی جانب سے ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر سے پُر زور مطالبہ کیا جارہا ہے کہ وہ عین رمضان المبارک مہینے سے قبل شہر کے بیشترعلاقوں میں پڑی گندگی ، کچروں کے ڈھیر، ڈرینج لائن کی مرمت سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کی مرمت سے متعلق مناسب و ٹھوس اقدامات کو روبہ عمل میں لائے۔ناندیڑ WPIکے ذمہ داران نے متعلق ذمہ داران کو انتباہ دیا ہے کہ اگر وہ متعلق مسائل کو ماہ رمضان المبارک سے قبل حل کرنے میں عدم توجہی کا مظاہرہ پیش کریں گے تو پھر متعلق ذمہ داران کے خلاف میں ڈبلیو پی آئی کی جانب سے ایک پُر زو ر احتجاج منظم کیا جائے گا۔اس معاملے میں ناندیڑ WPIکے فیروز خان غازی (ضلع صدر)نے کہا کہ ناندیڑ ضلع میں گزشتہ سال ہوئی اطمینان بخش بارش کے سبب میونسپل کارپوریشن کی بد انتظامیوں اور عملہ کی ناقص کارکردگی کے نتیجہ کے طور پر گزشتہ سال عوام کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔امسال 2014؁ء میں مانسون اور ماہ رمضان المبارک مہینہ یکساں آنے کی وجہ سے مقامی باشندوں کو بُنیادی مسائل سے دوچار ہونے کی نوبت پیش نہ آئے اسی پس منظرمیں ناندیڑ WPIکی جانب سے میونسپل کارپوریشن کے کمشنر سے پُر زورمطالبہ کیا جارہا ہے کہ وہ ماہ رمضان المبارک سے قبل شہر کے بُنیادی مسائل کومنظم طور پر حل کرنے کی کوششیں کریں۔فیروزخان غازی نے مزید کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے متعلق ذمہ داران کو چاہے کہ وہ ناندیڑ شہر کے تمام مساجد کے آس پاس سے روزآنہ صفائی، کوڑا کرکٹ کی منتقلی اور سر براہی آب کیلئے مناسب و ٹھوس اقدامات کئے جانے کی اشد ضرورت ہے۔