رمضان مبارک رضائے حق کا پیام سنانے نوید رحمت و مغفرت و نجات دینے کے علاوہ ذوق عبادت میںفروغ عطا کرتا ہے

حمیدیہ میں جلسہ استقبال ماہ رمضان المبارک۔ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی سجادہ نشین حضرت تاج العرفاءؒ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : قرآن حکیم کے احکام کی تعمیل اور سنت نبوی ؐ کی پیروی کے ذریعہ مومن صحیح معنوں میں تقاضہ ایمان کی تکمیل کر سکتا ہے کتاب و سنت کو چھوڑ کر کوئی بھی فلاح اور سعادت نہیں پاسکتا۔ جو لوگ اطاعت حق تعالیٰ اور اتباع رسالت ؐ میں کامل ہیں انہیں مبارک ہستیوں کو صالحین میں شامل ہونے کی عزت نصیب ہوتی ہے جن کے لئے رزق کی فراوانی، ثواب کی کثرت، نوید جنت اور پیام رضائے حق تعالیٰ ملتا ہے ۔ ماہ رمضان ایمان کی تقویت و تازگی، عبادات کا فیضان پانے، اعمال صالحہ کا روح پرور جذبہ ، اخلاق و کردار کی تربیت، افکار کی پاکیزگی اور جادئہ حق پر عزم نو کے ساتھ گامزن ہو جانے اور ما بعد ماہ رمضان دائماً صراط مستقیم پر استقامت کا خداداد موقع ہے۔ اس ماہ مبارک کی شان و عظمت کے لئے یہی کافی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے نزول کلام پاک کے لئے اسی مقدس مہینے کی ایک رات کو منتخب فرما یا اور اسے ہزار مہینوں سے زیادہ قدر و منزلت سے نواز دیا ۔ رمضان مبارک کا عشرہ اول رحمت سے سرفرازی کا پیام لاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی توبہ قبول فرما کر انہیں اپنے عفو و کرم سے معاف فرما دیتا ہے کیوں کہ وہی غفور اور بہت رحم فرمانے والا ہے مسلمان خوش مقدر ہیں کہ انہیں خالق کائنات نے با ر بار عفو و مغفرت طلبی کے مواقع عنایت فرمائے ہیں۔ ماہ رمضان اور قرآن پاک روزہ داروں اور تلاوت قرآن مجید اور سماعت کلام اللہ کرنے والوں کی بارگاہ الٰہی میں شفاعت کریں گے اور مولیٰ تعالیٰ ان کی سفارش کو قبول فرمائے گا۔ ان خیالات کا اظہار کرتے ہوے ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک و سجادہ نشین حضرت تاج العرفاءؒ نے یکشنبہ30 شعبان کو بعد نماز عصر حمیدیہ شرفی چمن میں منعقدہ جلسہ استقبان ماہ رمضان سے شرف تخاطب حاصل کیا۔جلسہ کا آغازقرا ت کلام پاک سے ہوا نعت شہنشاہ کونینؐ پیش کی گئی۔ڈاکٹرسید محمد حمید الدین شرفی نے سلسلہ بیان جاری رکھتے ہوئے واضح طور پر کہا کہ روزہ کا مقصود حصول تقویٰ ہے نظر کو برے مناظر سے بچانا، سماعت کو بری باتیں سننے سے، زبان کو ہر قسم کی بری بات، کذب، فحش، چغلی سے، ہاتھوں کو ظلم اور برے اعمال سے اور پیروں کو بری اور ممنوعہ جگہوں پر جانے سے روکنا۔ ظاہری و باطنی گناہوں سے اجتناب کرکے صحیح معنوں میں روزہ کو مقبول بارگاہ حق بنایا جاسکتا ہے جس کا اجر و بدل دست قدرت سے عطا ہو گا۔ سحری کھانا باعث برکت اور امت محمدؐیہ کے لئے خاص عطائے ربانی ہے۔ روزہ دار کی دعائیں رد نہیں ہو تیں بالخصوص بوقت افطار اللہ تعالیٰ روزہ دار کو اپنے فضل و کرم سے خوب نوازتا ہے اس کی دعا کو رد نہیں فرما تا۔ قیام رمضان یعنی نماز تراویح اس مقدس مہینے کے ساتھ خاص ہے۔ نماز تراویح میں امام کا قرآن مجید سنانا اور مصلیوں کا کلام اللہ سننا اہل ایمان کی ابتداء ہی سے سعادت عظیم ہے۔ ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے کہا کہ ماں باپ کی خدمت حیلہ مغفرت ہوتی ہے اسی طرح ماہ رمضان میں صوم و صلوٰۃ کی پابندی اور اعمال صالحہ سبب عفو عصیاں، رحمت اور باعث مغفرت ہوتی ہیں۔ اس برکت والے مہینہ میں ایک ایک لمحہ بے پناہ عظمت کا حامل ہوتا ہے لہذا شب و روز جس قدر عبادات، نیکیاں، تلاوت،و تسبیح، ذکر و فکر، کار خیر، انفاق اور مخلوق کی ممکنہ خدمت کے ذریعہ آخرت کے سنوار نے اور دنیا میں فلاح پانے کا سامان کرنا عین سعادت ہے۔ انھوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے احکام کی اطاعت اور رسول اللہ ؐ کی سچی محبت اور آپ کی منور و تابناک تعلیمات پر عمل پیرائی کے ذریعہ اطمینان قلوب کی دولت کا حصول ممکن ہے ان حقائق کو ہر دل کے لئے وجہ سکون بنا دینے کے لئے ہمیں خود ان سے مالا مال ہونا اور خود نمونہ صالحیت بننا ضروری ہے۔ اس کام میں پائیداری اور استحکام ماہ رمضان کا فیضان ہے روزہ اور دیگر فرائض کی ادائیگی کے اس با برکت موسم میں عبادات اور نیکیوں پر مداومت اور اس سلسلہ کو ہمیشہ جاری رکھنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔جلسہ کے آخر میں رقت انگیز دعاء کی گئی۔