قاہرہ ۔ 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے آج ایک شاذونادر کیا جانے والا فیصلہ کرتے ہوئے مقدس ماہ رمضان کے دوران غزہ سے ملحقہ اپنی رفاہ کراسنگ کو کھلا رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ رمضان المبارک کے دوران فلسطینی شہریوں کو کراسنگ کے لئے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر السیسی نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے علاوہ فلسطینی شہریوں کی روزمرہ کی پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی ضروریات زندگی کی اشیاء خرید سکیں۔ یاد رہیکہ رفاہ کراسنگ غزہ کی ایک ایسی راہداری ہے جس پر اسرائیل کا کنٹرول نہیں ہے اور یہاں سے فلسطینی شہریوں کو گزرنے کیلئے اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے جس طرح کی بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ویسا رفاہ کراسنگ پر نہیں ہوتا۔ پورے سال کے دوران رفاہ کراسنگ قلیل ایام کیلئے ہی کھلی رہتی ہے اور اس میں توسیع دینا یقینا ایک شاذونادر کیا جانے والا فیصلہ ہے۔