رمضان المبارک نزول قرآن، صوم و صلوٰۃ اور تزکیہ نفس کا مہینہ

کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کا مشاورتی اجلاس، مولانا اقبال احمد رضوی القادری کا خطاب
حیدرآباد 6 جولائی (پریس نوٹ) ہم رمضان کی آمد پر دل کی گہرائیوں سے اللہ سبحانہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہم گنہگاروں کو ایک بار پھر یہ موقع عطا فرمایا کہ ہم اعمال صالحہ کثرت سے کریں اور اس کا قرب حاصل کریں۔ رمضان شریف نزول قرآن، صوم و صلوٰۃ اور تزکیہ نفس کا مہینہ ہے۔ اس مبارک مہینہ میں ہم ایسا لائحہ عمل بنالیں تاکہ ہمارا ایک لمحہ بھی ضائع نہ ہو۔ معلوم نہیں کہ آئندہ رمضان تک ہم زندہ رہیں گے یا پھر اس دنیائے فانی سے کوچ کرجائیں گے۔ اللہ سبحانہ تعالیٰ اپنے کلام پاک میں ارشاد فرماتا ہے ’’اے ایمان والو تم پر روزے فرض کئے گئے۔ حدیث مبارکہ میں روزوں کی بڑی فضیلت آئی ہے۔ چنانچہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا جس نے رمضان کے روزے محض اللہ کی رضا کے لئے رکھے تو اللہ رب العزت اس کے پچھلے تمام صغیرہ گناہوں کو معاف فرمادیتا ہے اور دوسری حدیث مبارکہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا روزہ دار کے منہ کی بو اللہ تعالیٰ کے نزدیک مشک کی خوشبو سے بھی زیادہ پیاری ہے۔ قیامت کے دن روزے دار کو بے حد ثواب ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے 13 ویں لیلۃ القدر کانفرنس کے ضمن میں مشاورتی اجلاس بمقام دبیرپورہ قادریہ اسلامک سنٹر سے مولانا حافظ محمد اقبال احمد رضوی القادری نے کیا۔ مولانا نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے موجودہ حالات کی سنگینی پر نہایت افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ موجودہ نسل روزے کا مقصد ہی بھول چکی ہے۔ روزے کا مقصد بتاتے ہوئے اللہ سبحانہ و تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتا ہے لعلکم تتقون اس واسطے سے کہ تم پرہیز ہوجاؤ۔ مولانا اقبال احمد رضوی القادری نے قوم مسلم کو فکر دیتے ہوئے کہاکہ اب ہر انسان اپنے اعمال کا محاسبہ کرتے ہوئے دیکھ لے اور سوچ لے کہ رمضان المبارک میں پہلے سے کتنا زیادہ پرہیزگار ہوگیا۔ مولانا شاہد اقبال قادری صدر کمیٹی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ رمضان المبارک کا مہینہ رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے۔ اسی ماہ میں خالق کائنات نے انسانوں کو رشد و ہدایت کے لئے قرآن کریم نازل فرمایا اور اللہ تعالیٰ نے جس رات قرآن شریف کو نازل فرمایا خود قرآن شریف میں اسی کی بڑی فضیلت بیان فرمائی۔ اس لئے ہر مومن کو چاہئے کہ رمضان المبارک کا ایک ایک لمحہ ضائع کئے بغیر عبادتوں کے ذریعہ اس کو قیمتی بنائے اور اپنے رب کو راضی کریں۔ محمد شاہد اقبال قادری نے کمیٹی کے زیراہتمام لیلۃ القدر کانفرنس مغلپورہ پلے گراؤنڈ پر 25 جولائی بروز جمعہ بعد نماز تراویح منعقد ہوگی جس میں ملک کے ممتاز مقررین کی شرکت کو یقینی بنانے کی کوشش جاری ہے۔ شب معراج اور شب برأت میں کثیر تعداد میں لوگوں کی شرکت کے پیش نظر کمیٹی بہتر اور وسیع تر انتظامات کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نائب صدر کمیٹی نے بتایا کہ دونوں شہروں میں تشہیر کا کام جاری ہے اور دانشوران سے مشورہ جاری ہے۔ اجلاس میں جناب محمد احمد خان، جناب خواجہ غلام معین الدین رضوی، جناب سید عثمان، جناب سید طاہر حسین قادری، محمد سراج، محمد عبدالکریم رضوی، محمد یونس برکاتی، سید طاہر علی (گھٹکیسر) ، محمد توصیف، حافظ شیخ حسین ملتانی قادری، محمد عبیداللہ سعدی اور کمیٹی کے ارکان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔