مکتھل /16 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رمضان المبارک تقویم کا وہ بابرکت مہینہ ہے جس کی ہرساعت اور ہر لمحہ اللہ تعالی کی رحمتوں کی طرف متوجہ کریں ہے اور اس بابرکت مہینہ کے خصوصی اعمال کے صدقہ میں رب کریم انسانی اعمال کی اصلاح اور قلب کو پاکیزہ کرتے ہوئے کئی گناہ گاروں کی مغفرت و بخشش کا فیصلہ فرماتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ عبدالقوی حسامی مکتھل نے جاجاپور میں منعقدہ جلسہ استقبال رمضان کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا نے کہا کہ ماہ مبارک کا استقبال پوری تیاری اور منصوبہ بندی کے ساتھ ہونا چاہئے اور رمضان کے چاند کو دیکھتے ہوئے ہم خوشی و مسرت کے ساتھ اپنے گناہوں سے توبہ کرکے روزہ ، فرائض کا اہتمام ، تراویح اور کثرت تلاوت قرآن کے ذریعہ اللہ کے قرب کے حصول میں ہمہ تن مشغول و مصروف ہوجائیں تاکہ عید کا چاند ہمارے لئے مغفرت و بخشش کا مشردہ و خوشخبری لیکر آئے ۔ مستقر جاجاپور اور اطراف سے آئے ہوئے ایک کثیر مجمع کو مخاطب کرتے ہوئے مولانا نے روزہ کے تحفظ کیلئے جھوٹ ، غیبت ، بدزبانی اور غصہ سے پرہیز کا مشورہ دیا اور کہا کہ پورے رمضان میں ہم اپنے اعمال کی خصوصی نگرانی کریں تاکہ رمضان المبارک کی برکت سے اللہ تعالی بقیہ سال میں بھی ہمیں اطاعت اور شریعت محمدیﷺ پر عمل آوری کی توفیق نصیب کریں ۔ مولانا عبدالقوی حسامی نے رمضان المبارک کے بہترین لمحات میں دوعاؤں کے اہتمام کی طرف بھی خصوصی توجہ دلائی ۔ اس اجتماع میں مستقر جاجاپور کے علاوہ نارائن پیٹ ، اوٹکور اور اطراف کے مواضعات سے بھی بڑی تعداد میں لوگ شریک تھے ۔ ذاکر حسین و دیگر نوجوانوں نے اس اجتماع کی کامیابی پر عوام سے اظہار تشکر کیا ۔ جبکہ اس موقع پر حافظ آصف الدین ، قاضی شہاب الدین و دیگر موجود تھے ۔