رمضان ، جشن نزول قرآن کا مہینہ

محبوب نگر میں جلسہ ، مولانارحمت اللہ شریف کا خطاب
محبوب نگر /9 جون ( ای میل ) رمضان نزول قرآن کے جشن کا مہینہ ہے جو سارے انسانوں کی ہدایت و رہنمائی کیلئے اللہ تعالی نے حضرت محمدؐ کے ذریعہ نازل فرمایا ہے ۔ یہ مہینہ شکر گذاری اور اللہ کی کبریائی ، بیان کرنے کا مہینہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا رحمت اللہ شریف رکن شوری جماعت اسلامی حلقہ تلنگانہ و اڑیسہ نے محبوب نگر کی مسجد عبادالرحمن ( مرکز جماعت ) میں جلسہ استقبال رمضان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے سلسلہ تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جن افراد یا قوموں نے اس کتاب کو تھام لیا اور اس کے پیغام کو لیکر اٹھے اللہ تعالی نے انہیں سربلند فرمایا ۔ آج امت مسلمہ کے زوال و پستی کی اصل وجہ اللہ کی کتاب کو فراموش کردینا ہے ۔ جلسہ کا آغاز جناب عثمان عبیداللہ مجاہد صدیقی ، ناظم ضلع محبوب نگر ( مغرب ) کی تلاوت و ترجمانی سے ہوا ۔ جناب محمد احمد ناظم علاقہ جنوبی تلنگانہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ رمضان کا مہینہ تربیت و تزکیہ کا مہینہ ہے ۔ اس سے محرومی ، بدبختی ، ذلت رسوائی کا موجب ہے ۔ جلسہ کی کارروائی جناب شیخ شجاعت ، ناظم ضلع ( مشرق ) نے چلائی ۔ اس جلسہ میں امیر مقامی جناب عبدالجبار ، انواراللہ بیگ ، محمد شرف الدین ، ڈاکٹر خالق راشد ، حافظ منظور حسین ، محمد اسحاق ، سراج اللہ بیگ و دیگر ارکان و کارکنان جماعت ایس آئی او ، ایم پی جے ، و متوسلین جماعت نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔