نظام آباد میں جلسہ، مولانا فاروق بیگ کا خطاب
نظام آباد /21 جون (فیکس) رمضان وہ مہینہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا، ہدایت ہے انسانوں کے لئے جو حق و باطل کو کھول کر رکھ دیتی ہے۔ نزول قرآن ہدایت کا شمع ہے۔ بنی اسرائیل میں لوگوں کی عمریں طویل ہوتی تھیں اور ان کو عبادت کا موقع ملتا تھا۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم بہت رنجیدہ رہتے کہ میری امت کی عمریں کم ہیں، اللہ تعالی نے وسعت دے دی اور نزول قرآن کی شب کو ہزار مہینوں سے بہتر قرار دیا۔ اس ماہ میں روزوں کی فرضیت کی گئی، گویا قرآن حکیم ایک شاہکار ہے، جس کے طفیل میں ساری کائنات کا نظام چل رہا ہے اور اس کے بندے فیضیاب ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا فاروق بیگ سلفی محمدی نے تنظیم اصلاح معاشرہ و ازالہ منکرات کے اجتماع تزکیہ نفس اور استقبال رمضان سے خطاب کرتے ہوئے مسجد خلیل بودھن روڈ نظام آباد میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ مہینہ امت کا ہے، جس میں پہلا دہا رحمت، دوسرا دہا مغفرت اور تیسرا دہا خلاصی کا ہے۔ جناب خادم ایم اے نعیم چیرمین اصلاح معاشرہ و ازالہ منکرات نے ذکر کی مجلس کی کارروائی چلائی اور کہا کہ تزکیہ نفس کے لئے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم جب بیان فرماتے تو لوگوں میں خشیت طاری ہوتی۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ منبر پر کھڑے ہوکر روئے اور ارشاد فرمایا: لوگو! اللہ سے عافیت طلب کرو اور سچ کو لازم پکڑو، اس لئے کہ سچ اور بھلائی جنت میں لے جانے والے ہیں۔ ایک دوسرے سے حسد نہ کرو، بغض نہ رکھو اور قطع تعلق نہ کرو۔ تم اللہ کے بندے آپس میں بھائی بھائی ہو۔ جناب نعیم الدین ذکر جہری کے علاوہ درود شریف کا ورد اور توبہ و استغفار کروایا۔ اس محفل سے حاضرین کی کثیر تعداد نے استفادہ کیا۔ اس موقع پر حامد بن سعید، عیسی خاں مینار والے اور رفیق احمد نے انتظامات کئے۔ قبل ازیں حافظ رفیع الدین کی تلاوت کلام پاک سے اجتماع کا آغاز ہوا اور آخر میں حافظ صاحب کی دعاء پر اختتام عمل میں آیا۔