رقومات کی منتقلی پر انتخابی امیدوار نااہل

چیف الکٹورل آفیسر بھنور لال کا انتباہ

ورنگل ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف الیکشن کمشنر بھنور لال نے کلکٹریٹ کانفرنس ہال ورنگل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ منعقد شدنی مقامی انتخابات کے سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انتخابی میٹریل اضلاع کے الیکشن عہدیداروں کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات رائے دہی مراکز پر حق رائے دہی استعمال کرنے والے ووٹرس کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کی جارہی ہے ، گرمی کی شدت سے بچنے کیلئے شامیانے ، پینے کا پانی ، بیت الخلاء کی سہولت، برقی و دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کی جا رہی ہے ۔اس کے لئے علحدہ فنڈس مختص کیا گیا ہے۔ اس کام کیلئے ضلع کلکٹر نے انجنیئرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔ الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے 352 کمپنیوں کو طلب کیا گیا ہے ۔ مختلف چیک پوسٹ پر اب تک 56 کروڑ روپئے ضبط کئے گئے ہیں اس سلسلہ میں ضبط شدہ رقومات ، اگر انتخابی امیدوار کی حیثیت سے نشاندہی ہونے پر اس سیاسی امیدوار کے خلاف سخت کارروائی کے علاوہ آئندہ انتخاب میں 6 سال کیلئے نااہل قرار دیا جائے گا لیکن اب تک اس سلسلہ میں ثبوت نہیں ملا ۔ انہوں نے کہا کہ 27 مارچ کو انتخابات کے ضمن میں اضلاع کے کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا جس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے ضروری ہدایات دی جائے گی اور اب تک کے کاموں کا جائزہ بھی لیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ حساس پولنگ مراکم کی نشاندہی کر کے وہاں پر پولیس کا سخت بندوبست کیا جائے گا ۔ چیف الیکشن کمشنر بھنور لال نے ضلع ورنگل کے دو روزہ دورہ کے موقع پر احاطہ کلکٹریٹ میں الکٹرانک ووٹنگ مشین کے اسٹرائنگ روم کے گودام کا افتتاح کیا اور میڈیا سنٹر کا جائزہ بھی لیا ۔ انہوں نے مختلف سیاسی پارٹیوں کے قائدین اور عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا ۔ ضلع میں 90 فیصدی پولنگ کو یقینی بنایا جائے ۔ ایک ہفتہ قبل ہی پول چٹس تقسیم کئے جائیں۔ انہوں نے تمام سیاسی قائدین سے کہا کہ پرامن انتخابات کے انعقاد میں تعاون کریں۔ ضلع کلکٹر کانفرنس ہال میں منعقدہ پریس کانفرنس میں چیف الیکشن کمشنر بھنور لال کے ہمراہ ، ضلع کلکٹر جی کشن جوائنٹ کلکٹر پوسومی باسو ، اربن ایس پی وینکٹیشور راؤ کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔