رقم کی غیر مجاز منتقلی پر نظر ضروری ، عوام کو پریشان نہ کرنے کی ہدایت

انتخابی سرگرمیوں کے ساتھ شادیاں و دیگر تقاریب جاری ، تربیتی اجلاس سے مبصرین و کلکٹرس کا خطاب

میدک /21 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) عام پارلیمانی چناؤ سے متعلق جائزہ اجلاس بصدارت ضلع کلکٹر و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے دھرما ریڈی منعقد ہوا ۔ جس میں سرکاری انتخابی مبصرین مسرز سنتوش کمار مہانتی ، ترپاٹھی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ ان عہدیداروں نے ریٹرننگ آفیسر ، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس نوڈل آفسرس برائے انتخآبات سے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کا ماحول شفافیت کے ساتھ پرامن ہونا چاہئے ۔ رائے دہندوں کو کسی بھی جماعت کے قائد یا امیدواروں کی جانب سے کسی بھی قسم کا کوئی لالچ نہ دیا جائے ۔ ووٹ کے حصول میں شراب ، روپیہ کا بٹوارہ نہ ہونا چاہئے ۔ مبصرین نے کہا کہ اگر کہیں کوئی کام الیکشن کمیشن کے خلاف انجام دیا جارہا ہے ۔ تو یجل ایپ کے ذریعہ شکایت کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے بنک عہدیداروں سے کہا کہ سیاسی قائدین اور امیدواروں کے بنک ٹرانسیکشن پر بھی نظر رکھنی چاہئے ۔ ضلع کلکٹر میدک و ریٹرننگ آفیسر برائے لوک سبھا دھرما ریڈی نے کہا کہ پارلیمانی حلقہ لوک سبھا میں شامل تمام اسمبلی حلقوں میں ایف ایس ٹی اور ایس ایس ٹی ٹیموں کی تشکیل عمل میں لائی گئی اور انہیں ٹریننگ بھی دی گئی ہے ۔ اس ٹیم میں شامل ذمہ داروں کو چاہئے کہ غیر مجاز رقم کی منتقلی پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ ضلع کلکٹر سدی پیٹ مسٹر کرشنا بھاسکر نے کہا کہ الیکشن آفیسرس یا متعین شدہ پولیس کو چاہئے کہ اپنی خدمات کے دوران عوام کو مشکلات میں نہ ڈالیں ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن سیزن میں شادیوں و دیگر تقاریب کے سیزن بھی ہیں ۔ ایسے حالات کا خیال رکھتے ہوئے عوام کو پریشان نہ کریں ۔ ضلع کلکٹر نے عوام سے بھی اپیل کی کہ شادیوں کے رقعہ اور رقم کی تفصیلات ساتھ رکھیں ۔ اس اجلاس میں جوائنٹ کلکٹر جی ناگیش ڈی آر او مسٹر وینکٹیشورلو ، ڈی آر ڈی اے سیتاراما راؤ ، آر ڈی سائی رام ، ارونا ریڈی ، جئے چندرا ریڈی ، وجیندر ریڈی ، نوین کمار ، نوڈل آفیسرس ، سرینواس ریڈی ، سرینواسلو ، سیلیشور ریڈی ، ناگراج ، سدی پیٹ ، ڈی پی آر او مسٹر گوپال کے علاوہ دیگر انتخابی عہدیدار بھی موجود تھے ۔