رقمی لین دین تنازعہ پر ساتھی کا قتل

حیدرآباد ۔ /28 جولائی (سیاست نیوز) رقمی لین دین کے تنازعہ میں ایک ساتھی نے دوسرے کا قتل کردیا ۔ یہ سنسنی خیز واردات ملکاجگیری کے علاقہ میں پیش آئی ۔ جہاں شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ افسر نے مبینہ طور پر اپنے ساتھی شبیر پاشاہ کا قتل کردیا اور فرار ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ چند عرصہ سے شبیر پاشاہ اور افسر کے درمیان رقمی لین دین کا معاملہ چل رہا تھا ۔ افسر شبیر کو رقم باقی تھا ۔ ان دونوں کے درمیان 3 ماہ قبل پنچایت بھی بٹھائی گئی تھی جس کے بعد افسر نے شبیر کو رقم کا کچھ حصہ ادا کیا جس کے بعد دوبارہ وہ ٹال مٹول کرنے لگا ۔ کل رات منصوبہ طریقہ سے دیانند ریلوے یارڈ کے قریب شبیر کو طلب کرنے کے بعد افسر نے اس پر چاقو سے حملہ کردیا اور فرار اختیار کرلی ۔ شدید زخمی حالت میں شبیر کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ آج صبح کے اولین اوقات میں فوت ہوگیا ۔ ریلوے پولیس سکندرآباد نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ مقتول نارتھ لالہ گوڑہ سکندرآباد علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ مقتول کی عمر 35 سال بتائی گئی ہے ۔