رفاہی کاموں کیلئے ساری دولت کا عطیہ :پرنس الولید بن طلال

ریاض ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پرنس الولید بن طلال نے کہا ہیکہ وہ اپنی 32 بلین ڈالرس کی ساری دولت آئندہ سالوں میں رفاہی پراجکٹس پر خرچ کریں گے۔ انہوں نے ریاض میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بل اینڈ ملندا گیٹس فاونڈیشن یا امریکہ میں رفاہی کام انجام دے رہے اداروں کی طرز پر وہ ایک ادارہ قائم کریں گے۔ وہ بورڈ کے سربراہ ہوں گے اور بورڈ ٹرسٹیز مل کر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ رقم کا صحیح استعمال کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ثقافتی ہم آہنگی، مختلف طبقات کی ترقی، خواتین و نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ آفات سماوی کی صورت میں راحت کاری کیلئے یہ رقم خرچ کی جائے گی تاکہ دنیا میں رواداری کو فروغ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ساری دولت کو منصوبہ بند انداز میں صرف کیا جائے گا اور اس کیلئے کوئی وقت کی حد مقرر نہیں کی گئی ہے۔ ان کی یہ کوشش ہوگی کہ موت کے بعد بھی یہ رفاہی و فلاحی کام جاری رہیں۔ انہوں نے واضح کیا ہیکہ مملکت سعودی عرب میں جو ان کا حصہ ہے، اس سے ہٹ کر وہ اپنی ساری دولت کو فلاحی کاموں میں خرچ کرنا چاہتے ہیں۔