کراچی۔25اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ڈوپ ٹسٹ میں ناکامی کے بعد امتناع کا سامنا کرنے والے پاکستان کے بائیں ہاتھ کے اسپنر رضا حسن لاہور میں منعقدہ ریو پارٹی میں جہاں شراب سربراہ کی جارہی تھی پولیس کے ہاتھوں پکڑے جانے کے بعد ایک نئی مصیبت میں پھنس گئے ۔ 22سالہ اسپنر کو پولیس نے دیگر نوجوانوں کے ایک گروپ کے ساتھ اٹھا لیا جو ایک ایسی پارٹی میں موجود تھے جہاں شراب سربراہ کی جارہی تھی اور رقص جاری تھا ۔اسلامی مملکت پاکستان میں شراب پر امتناع ہے اور شراب نوشی مستوجب سزا جرم ہے ۔ اطلاعات کے بموجب پولیس نے لاہور کی ایک ہوٹل پر دھاوا کیا جہاں نوجوانوں کا ایک گروپ ریو پارٹی میں مصروف تھا‘ جن میں رضا حسن بھی شامل تھے ۔ حسن جو ٹی ۔20 میچوں کے علاوہ ایک ونڈے انٹرنیشنل میچ بھی کھیل چکے ہیں جنوری کے دوران کراچی میں پنٹینگولہ کپ ونڈے ٹورنمنٹ کے دوران پی سی بی کی طرف سے کی گئی ڈوپ ٹسٹنگ میں ’کوکین‘ کے استعمال پر ان کا معائنہ مثبت پائے جانے کے بعد وہ اپنے کھیل پر دو سال کے امتناع کا سامنا کررہے ہیں ۔