مولانا پیر شبیر نقشبندی کا شب برأت اجتماع سے خطاب
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ غیبت ، جھوٹ ، تہمت ، کردار کشی ، اور بدگمانی جیسی لعنتوں سے دوری اختیار کرتے ہوئے صرف اپنے اعمال کا محاسبہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں یہ مزاج بن گیا ہے کہ لوگوں کا ظاہر ایک اور باطن ایک ہوگیا ہے ۔ آج کی رات ہم صدق دل سے بارگاہ الہیٰ میں رجوع ہو کر ’ رضائے الہیٰ کے مطابق اپنی زندگی کو بسر کرنے کا عہد کرلیں تو یقیناً یہ عمل ہماری دنیا و آخرت میں سرخروی کا موجب ہوسکتا ہے ۔ مولانا پیر نقشبندی آج سلسلہ افتخاریہ چشتی چمن کے عقیدت مندوں کے شب برات کے موقع پر اتحاد بھون بنجارہ ہلز میں ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے اس شعر ’ میری صورت پہ نہ جا ، میرے گناہوں کو نہ دیکھ ‘ میں تو اچھا نہیں اچھوں سے ہے نسبت میری ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بے عیب صرف خدا وندقدوس کی ذات پاک ہے اور ہماری نسبت اور وسیلہ محبوب رب حضور محمد عربی ﷺ ہی کی ذات اقدس ہے ۔ انہوں نے رخت انگیز دعا کرتے ہوئے کہا کہ اے اللہ ہم پہ کرم فرما رحم فرما اور زندگی کی آخری سانس تک احکام قرآنی پر عمل اور عشق محمدی سے سرشار فرما ۔ آمین ۔۔