رشیا اوپن میں ہندوستانیوں کی سیمی فائنل میں رسائی

ولادیووستوک (روس ) ، 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی شٹلر اجئے جئے رام نے ملائیشیا کے وی فینگ چانگ کے مقابل سیدھے گیم کی جیت کے ذریعے آج یہاں رشین اوپن گرانڈ پری بیڈمنٹن ٹورنمنٹ کے سیمی فائنلس میں رسائی حاصل کرلی۔ تیسرے سیڈ ہندوستانی نے پانچویں سیڈ چانگ کو 21-15، 21-13 سے ہرا کر مینس سنگلز کامپٹیشن میں ٹاپ سیڈ ٹامی سوگیارتو کے ساتھ مقابلہ مقرر کرلیا۔ اکشے دیوالکر اور پرجکتا ساونت کی ہندوستانی جوڑی چوتھی سیڈنگ والے حریفوں فرانسیسی رونن لابر اور ایمیلی لیفل کے مقابل مکسڈ ڈبلز کیٹگری میں 21-18، 21-18 سے جیت کر سیمی فائنلس تک پہنچ گئی۔ مانو اَٹری اور بی سمیت ریڈی کی مینس ڈبلز جوڑی بھی آخری چار میں شامل ہوگئی جبکہ انھیں اینڈریج اشمارین اور ویٹالی ڈورکن کی مقامی جوڑی سے واک اوور ملا۔ تاہم ویمنس سنگلز میں تنوی لاڈ کیلئے مسابقت ختم ہوگئی جبکہ ان کا روسی ایفگینیا کوستکایا کے خلاف سخت مقابلہ 28-26، 13-21 ، 19-21 کی ناکامی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔