ریاض ۔ 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) رشوت کے خلاف سعودی عرب کی شاہی حکومت کی مہم کی علماء بورڈ نے حمایت کی ہے۔ علماء بورڈ نے کہا کہ بدعنوانی کا انسداد ضروری ہے۔ اِسلامی شریعت نے ہمیں اس کا حکم دیا ہے۔ سرکردہ علماء بورڈ نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پرتحریر کیا ہے کہ بدعنوانیوں کا انسداد اسلامی شریعت کا حکم ہے۔ اسلام نے قومی مفاد کیلئے اس کا حکم دیا ہے۔ اسلام نے بدعنوانی کے خاتمہ اور اس کے انسداد کی تاکید کی ہے۔ سعودی عرب کے ممتاز علماء نے دُعا کی کہ اللہ تعالیٰ، خادم حرمین و شریفین شاہ سلمان اور ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کی حفاظت کرے جو سعودی عرب کو رشوت ستانی کے جرم سے پاک کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی مملکت پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کے بعد انسداد رشوت ستانی اقدامات شروع کئے ہیں۔