رشوت لینے کے الزام میں 3 عہدیدار گرفتار

حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے رشوت کے الزام میں 3 عہدیداروں کو گرفتار کرلیا۔ پہلی کارروائی میں بیورو نے حیدرآباد واٹر ورکس کے اکاؤنٹ سیکشن کے سپرنٹنڈنٹ محمد احمد کو اس وقت رنگے ہاتھوں پکڑ لیا جب وہ ایک درخواست گذار سے 4 ہزار روپئے رشوت کی رقم حاصل کررہا تھا۔ اے سی بی ذرائع نے بتایا کہ محمد احمد گوشہ محل واٹر ورکس آفس میں سپرنٹنڈنٹ کی حیثیت سے کام کررہا ہے اور اس نے واٹر ورکس مغل پورہ سیکشن کے ملازم بی سری ہری کی تنخواہ اور زیر التواء بلز کی کارروائی کیلئے 4 ہزار روپئے کا مطالبہ کیا تھا ۔ بیورو کے عہدیداروں نے احمد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ اسی قسم کی ایک اور کارروائی میں بیورو کے عہدیداروں نے میاں پور سب ڈیویژن کے اسسٹنٹ ڈیویژنل انجینئر ڈی رمیش اور اس کے معاون کے پانڈو کو ساڑھے تین ہزار روپئے کی رشوت حاصل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ درخواست گذار کشور نے بیورو سے شکایت کی اور الزام عائد کیا کہ برقی میٹر نصب کرنے کیلئے 3500 کا مطالبہ کیا گیا تھا اور بیورو نے مذکورہ عہدیداروں کو رشوت کی رقم حاصل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔