حیدرآباد۔17 فروری (سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار اسپیشل ڈپٹی کلکٹر چیرلہ پلی جیل میں قلب پر حملے کے باعث فوت ہوگیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایس وینکٹیشور راؤ اور اس کے بیٹے امر داس کو چار دن قبل اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے اس وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جب وہ 50 ہزار روپئے کی رشوت کی رقم قبول کررہا تھا۔ باپ اور بیٹے کو چیرلہ پلی جیل میں محروس رکھا گیا تھا۔ وینکٹیشور راؤ کو آج صبح اچانک قلب پر حملہ ہوا جس کے باعث اسے ایمبولینس میں گاندھی ہاسپٹل منتقل کردیا گیا اور منتقلی کے دوران وہ فوت ہوگیا۔ کشائی گوڑہ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرتے ہوئے اس کا پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی۔